سلیکٹڈ حکمرانوں نے عوام کو نان شبینہ کا محتاج بنادیا‘پشتونخوا ایس او

July 23, 2019

کوئٹہ (آئی این پی)پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سائنس کالج کی ایگزیکٹو کمیٹی کااجلاس علاقائی سیکرٹری محمود احمد اچکزئی کی صدارت میں ہوا جس میں 25جولائی کے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے جلسے میں شرکت کیلئے طالب علموں کے جلوس کاجائزہ لیاگیا اجلاس سے مرکزی سیکرٹری دوست محمد لونی ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری نظام عسکر،صوبائی سیکرٹری مالیات جنوبی پشتونخوا زون ملک عمرخان کاکڑ، طیب خان اور شبیر ننگیال نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی تاریخ آمرانہ قوتوں کے خلاف قربانیوں سے بھری پڑی ہے اور ملک میں جمہوریت کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں۔ مقررین نے کہاکہ اس وقت ملک میں نااہل سلیکٹڈ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں ملک بھر کے عوام نان شبینہ کی محتاج ہوگئے،غربت اور مہنگائی اپنے عروج پر پہنچ گئی۔ مقررین نے طالب علموں اور باشعور افراد سے جلسے میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 25جولائی کو سائنس کالج سے تاریخی جلوس جلسہ گاہ کیلئے روانہ ہونگےجس کی نگرانی کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔مقررین نے کہاکہ کامیاب اور تاریخی جلسہ عام کے مثبت اثرات عوام پرپڑیںگی۔ اجلاس میں سائنس کالج میں سیکنڈ شفٹ شروع کرنے کیلئے حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ صوبے کے مختلف اضلاع کے2600سے زائد طلباء داخلے کے انتظار میں ہیں ۔