عمران ٹرمپ کامیاب ملاقات پاکستان کی کامیابی ہے: فردوس عاشق

July 23, 2019

وزیر اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کامیاب ملاقات پاکستان کی کامیابی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے وزیر اعظم عمران خان کی دورۂ امریکا کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان کے ذریعے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی نے کہا کہ قوم کو اپنے رہبر پر ناز ہے جس نے باوقار انداز سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ملاقات میں کشمیر پر گفتگو سے خطے کے بنیادی مسئلے کے حل کی اہمیت اجاگر ہوئی، پاکستان مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیشکش کا خیر مقدم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغان مسئلے پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے مؤقف کی تائید کی ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ ٹرمپ نے ہمارے وزیر اعظم کو مقبول رہنما قرار دیا، یہ عمران خان پر دنیا کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔