50 ہزار سے زائد کی شاپنگ پر شناختی کارڈ دکھانا لازمی

July 23, 2019

شاپنگ کے لیے جائیں تو شناختی کارڈ اپنے ساتھ رکھنا نہ بھولیں، اب 50 ہزار روپے سے اوپر کی خریداری پر شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہو گا، اس حوالے سے ایف بی آر نے سیلز ٹیکس سرکلر جاری کر دیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ فنانس ایکٹ 2019ء کے تحت 50 ہزار سے زیادہ کی خریداری پر قومی شناختی کارڈ نمبر کی ضرورت ہو گی۔

ایف بی آر کے سرکلر میں کہا گیا ہے کہ گاہک چاہے رجسٹرڈ نہ بھی ہو، سیلز ٹیکس رجسٹرڈ دکاندار سے خریداری کے لیے اسے شناختی کارڈ لازمی دکھانا ہو گا۔

ایف بی آر کے سرکلر کے مطابق خریدار اگر خاتون ہوں تو وہ 50 ہزار روپے سے زائد کی شاپنگ پر شوہر یا والد کا شناختی کارڈ دکھا سکتی ہیں۔

ایف بی آر کے سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ قانون اس بات کی رعایت دیتا ہے کہ 50 ہزار روپے سے کم کی خریداری پر شناختی کارڈ دکھانا لازمی نہیں ہے۔

ایف بی آر کے سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر کے اس اقدام کا مقصد 50 ہزار روپے سے اوپر کی کاروباری ٹرانزیکشن کو دستاویزی شکل دینا ہے۔

ایف بی آر کے سرکلر میں مزید بتایا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس رجسٹرڈ افراد کی موجودہ تعداد 41 ہزار 484 ہے جو گوشواروں کے ساتھ ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔

ایف بی آر کے سرکلر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس قانون کو قطعاً کاروباری افراد کو ہراساں کرنے اور ٹرانزیکشنز میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا نیز چیف کمشنر کی اجازت کے بغیر کوئی ایکشن نہیں لیا جائے گا۔