بین اسٹوکس، کین ولیمسن کے حق میں دستبردار

July 23, 2019

انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے ’نیوزی لینڈر آف دی ایئر‘ ایوارڈ کی نامزدگی قبول کرنے سے انکار کردیا، اُن کا کہنا ہے کہ اس ایوارڈ کے صحیح حقدار کیوی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن ہی ہیں۔

انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے ورلڈ کپ2019ء میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 465رنز بنائے اور 7وکٹیں حاصل کیں، فائنل میں ٹیم کے نجات دہندہ بھی بنے اور آخر وقت تک ڈٹے رہے۔

فائنل میں شاندار پرفارمنس پر اُنہیں’ پلیئر آف دی فائنل‘ بھی قرار دیا گیا تھا تاہم ’پلیئر آف دی ٹورنامنٹ‘ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن رہے جنہوں نے ایونٹ میں مجموعی طور پر 578 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن

دونوں کی اسی پرفارمنس پر اُنہیں ’نیوزی لینڈر آف دی ایئر‘ کے ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا لیکن بین اسٹوکس، کین ولیمسن کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں۔

بین اسٹوکس کا کہنا ہے کہ وہ نیوزی لینڈ میں پیدا ضرور ہوئے لیکن 12برس کی عمر میں انگلینڈ چلے گئے اور اب وہیں رہتے ہیں، وہ اس ایوارڈ کی نامزدگی قبول نہیں کرسکتے، اس کے درست حقدار کین ولیمسن ہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ولیمسن زبردست کھلاڑی اور بہترین لیڈر ہیں، وہ اپنا ووٹ بھی اُن ہی کے نام کرتے ہیں۔