پاکستان کشمیریوں کا، کشمیری پاکستان کے ہیں، شہباز شریف

August 06, 2019

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کا ہے اور کشمیری پاکستان کے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے، مودی سرکار نے آرٹیکل 35 اے ختم کرکے کشمیر پر مکمل غاصبانہ قبضہ کرلیا ہے۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ کشمیر کےحالات سے متعلق اب روایتی قرارداد نہیں، ٹھوس فیصلے کرنا ہوں گے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے حوالے سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائدحزب اختلاف نے کہا کہ ہمارے پاس دو راستے ہیں، ڈٹ جائیں یا جھک جائیں، ہمیں کشمیر کے لئے ڈٹنا ہوگا کیونکہ پلوں سے پانی بہہ گیا ہے، بھارت کشمیر میں ظلم کے پہاڑ ڈھانے میں آخری حد تک چلاگیا، آج مودی نے پاکستان کی شہ رگ پر ہاتھ ڈالا ہے، اس سے پہلے مودی شہ رگ کو کاٹے ہمیں اس کے ہاتھ کاٹنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو گھروں میں نظر بند کردیا گیاہے، کشمیریوں کی نسل کشی کا خطرہ ہے، ہم کشمیر کی صورتحال پر خاموش تماشائی نہیں بنیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا مودی ان کے رابطوں کا جواب نہیں دے رہا توامریکی صدر کو ثالثی کا کہا، نیازی صاحب نے مودی کو فون کیا انہوں نے جواب نہیں دیا، بھارت نے دو مرتبہ امریکی صدر کی ثالثی کی پیشکش کو مسترد کیا، مودی نے نہ صرف ٹرمپ کی ثالثی کی نفی کی بلکہ کشمیر میں جو کرنا تھا کر دکھایا۔

انہوں نے استفسار کیا کہ کشمیر معاملے پر سعودی عرب سے کوئی رد عمل نہیں آیا، کیا یہ تنہائی نہیں ہے؟

شہباز شریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بدترین سفاکی ہوئی ہے، وادی میں انٹرنیٹ سروس بھی بند ہے۔