برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھیں گے، جیرمی کوربن لیبر لیڈر

August 11, 2019

مانچسٹر ( غلام مصطفیٰ مغل ) جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے نمائندہ وفد کی لیبر پارٹی کے لیڈر ایم پی جیرمی کوربن ، شیڈو وزیر ایم پی ٹونی لائیڈ ،شیڈو وزیر ایم پی افضل خان ، ایم پی فیصل رشید ،ایم پی لوسی پاول ،سابق ایم ای پی واجد خان اور دیگر پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں ، تحریک حق خود ارادیت کے نمائندہ وفد میں مرکزی سیکرٹری جنرل محمد اعظم ، چیئرپرسن برطانیہ کونسلر یاسمین ڈار ، نارتھ آف انگلینڈ کی چیئرپرسن نائلہ شریف ، گریٹر مانچسٹر کی چیئرپرسن روبینہ خان ، نارتھ ویسٹ یوتھ کے ذیشان عارف و دیگر نے لیبر پارٹی کے رہنمائوں و ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں ۔ مانچسٹر میں برطانیہ کی لیبر پارٹی کا بڑا پروگرام منعقد ہوا ،پروگرام میں لیبر پارٹی کے لیڈر ایم پی جیرمی کوربن کے علاوہ لیبر پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ ، کونسلرز ، پارٹی رہنمائوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم ، تحریک حق خود ارادیت برطانیہ کی چئیرپرسن و لیبر پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن کونسلر یاسمین ڈار کی قیادت میں وفد نے بھی خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر تحریک حق خود ارادیت کے رہنمائوں نے لیبر پارٹی کے اجلاس میں ممبران پارلیمنٹ ، پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں اور کشمیر کے حوالے سے بھرپور لابی مہم چلائی ۔ اس موقع پر لیبر پارٹی کے لیڈر ایم پی جیرمی کوربن نے یاسمین ڈار اور محمد اعظم کو یقین دلایا کہ وہ اور شیڈو وزیر خارجہ ایم پی ایملی تھارنبری پارلیمنٹ میں کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے ۔ اس موقع پر نارتھ ویسٹ کے ممبران پارلیمنٹ نے بھی وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ تحریکی سرگرمیوں میں شامل ہوں گے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے آواز بلند کرتے رہیں ۔ سابق ممبر یورپی پارلیمنٹ ایم ای پی واجد خان نے کہا کہ انہوں نے دو سال میں یورپی پارلیمنٹ میں بھی کشمیر کاز کے لیے بھرپور کام کیا اور اب بھی تحریک حق خود ارادیت کے ساتھ مل کر ہر سطح پر کام کروں گا ۔اس موقع پر تحریک حق خود ارادیت کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار نے لیبر پارٹی کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیبر پارٹی بالخصوص لیڈر جیریمی کوربن کا کشمیریوں کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی انتہاء پسند وزیر اعظم و حکومت کی سرپرستی میں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بارے شرکاء کو آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جیسے برطانیہ میں ہمیں دائیں بازو کے انتہاء پسندوں کی وجہ سے نفرت اور پریشانی کا سامنا ہے اسی طرح بھارتی انتہاء پسند حکومت کشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور بھارت میں اقلیتوں کے حقوق غصب کر رہی ہے ۔انہوں نے لیبر پارٹی کے لیڈر ، ممبران پارلیمنٹ ، مندوبین سے لیبر پارٹی کانفرنس کے دوران کشمیریوں کے حق میں قرارداد پاس کرنے کا مطالبہ کیا ۔ تحریک حق خود ارادیت کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم نے متعدد مندوبین کو لیبر پارٹی کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی حمایت کے لیے آمادہ کرتے ہوئے سالانہ کانفرنس میں شرکت اور حمایت کی اپیل کی ۔ محمد اعظم و کونسلر یاسمین ڈار لیبر پارٹی کے متحرک ممبران و ایگزیکٹو ممبرہونے کے ساتھ ساتھ تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے پلیٹ فارم سے کشمیر ایشو کے لیے بھرپور متحرک ہیں ۔ کونسلر یاسمین ڈار اور محمد اعظم نے ممبران پارلیمنٹ سے تحریک حق خود ارادیت کی مستقبل کی جولائی و اگست کی سرگرمیوں میں شرکت کی دعوت اور تحریکی عہدیداروں کے ساتھ تعاون کی بھی اپیل کی ۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت برھان مظفر وانی شہید کی برسی کے موقع پر لندن کامن ہائوس میں کانفرنس کے ساتھ ساتھ بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرے کا بھی انعقاد کر رہی ہے جس میں تمام کشمیری تنظیمیں ،پاکستانی کمیونٹی اور دیگر کو بھی دعوت دی گئی ہے ۔