خدا کے واسطے اس ملک کو لوٹنا بند کر دو: علی زیدی

August 14, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.


وفاقی وزیرِ بحری امور علی زیدی کا کہنا ہے کہ کراچی میں لوگوں کے گھر کیوں ڈوبے اس پر ہم سب ضمیر کو جوابدہ ہیں، خدا کے واسطے اس ملک کو لوٹنا بند کر دو۔

یومِ آزادی کے موقع پر کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) میں ہونے والی تقریب میں وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے شرکت کی اور پرچم کشائی کی۔

اس موقع پر جہازوں کے سائرن بجا کر کے پی ٹی میں تقریب کا آغاز کیا گیا، وزیرِ بحری امور علی زیدی نے پریڈ کا معائنہ کیا، انہوں نے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری اوقات نہیں کہ میں یہاں قومی پرچم بلند کروں، اللّٰہ تعالیٰ نے مجھے یہاں تک پہنچایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر عمران خان نے مجھے چنا ہے کہ میں وزیر بن جاؤں تو اس کے ساتھ مجھے ایک بہت بڑی ذمہ داری بھی دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے یہ بھی کہا کہ نریندر مودی اور ہٹلر میں کوئی فرق نہیں، جو آج مودی کر رہا ہے، یہ ماضی میں ہٹلر کیا کرتا تھا۔