بھارتی اقدام نہیں مانتے، کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،صدر مملکت عارف علوی

August 15, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.


اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارتی اقدام نہیں مانتے، کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ساتھ تھے ہیں اور رہیں گے، پاکستان امن پسند ملک ہے، ہماری امن پسندی کو بھارت کمزوری نہ سمجھے ،ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو دو ملکوں کی جنگ نہیں رہے گی بلکہ خطہ اور دنیا اس کے اثرات محسوس کریگی، بھارت نے تمام عالمی قرار دادوں کی مخالفت کی،وہ غیر قانونی اقدمات سے کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتا، بھارتی حکمرانوں ہوش کے ناخن لیں، ریاستی دہشتگردی اور جبر کا راستہ ترک کریں۔ کنونشن سینٹر اسلام آباد میں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ آج ان عظیم شخصیات سے یوم تشکر کا دن بھی ہے جن کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، آج کا یوم آزادی یوم یکجہتی کشمیر بھی ہے، ہم ہمیشہ کشمیریوں کیساتھ تھے، ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہم اس وقت تک انکی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد کرینگے جب تک انہیں حق خودارادیت نہیں ملتا، ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، کشمیری ہمارے اور ہم ان کے ہیں، ان کا دکھ ہمارا دکھ ہے اور انکی آنکھ سے بہنے والا آنسو ہمارے دل میں گرتا ہے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے حالیہ غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کے سلسلے میں پارلیمان نے مذمتی قرارداد بھی منظور کی ہے، ہم بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کی تبدیلی کو قبول نہیں کرتے، بھارت نے اپنے یکطرفہ اقدام سے نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی بلکہ شملہ معاہدے کو بھی ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اٹھایا جانے والا حالیہ اقدام سلامتی کونسل میں لے جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔