روی شاستری دوبارہ بھارتی کوچ مقرر

August 16, 2019

بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹر روی شاستری کو دوبارہ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے سابق بھارتی آل راؤنڈر رابن سنگھ، سابق ٹیم منیجر لال چند راجپوت، نیوزی لینڈ کے سابق کوچ مائیک ہڈسن، آسٹریلین کوچ ٹام موڈی اور سابق ویسٹ انڈین کوچ فل سمنز اُن کے مدمقابل امیدوار تھے۔

بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق فل سمنز نے آخری لمحات میں انٹرویو نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ باقی امیدواروں کے تین رکنی کرکٹ ایڈوائزری پینل نے انٹریوز کیے۔

پینل کے اراکین میں سابق بھارتی کپتان کپیل دیو، سابق نیشنل کوچ انشومن گائیکواڈ اور وومنز ٹیم کی سابق کپتان شانتھا رنگا سوامی شامل تھے۔

کپیل دیو نے جمعہ کو پریس کانفرنس کے دوران پینل کے فیصلے کا اعلان کیا۔

2016ء میں انیل کمبلے کے بعد روی شاستری کو ٹیم کا ہیڈ کوچ بنایا گیا تھااور ایک سال بعد اُن کے عہدے کی میعاد ورلڈ کپ 2019ء کے اختتام تک بڑھا دی گئی تھی۔

روی شاستری کی کوچنگ میں بھارتی ٹیم نے رواں سال کے آغاز میں جنوبی افریقا اور انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پہلی بار کامیابی حاصل کی تھی۔

روی شاستری کے بحیثیت کوچ عہدہ سنبھالنے سے اب تک بھارت نے 21 میں سے 13 ٹیسٹ میچز، 36 ٹی ٹوئنٹی میں سے 25 اور 60 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں سے 43 میں کامیابی حاصل کی۔