برطانیہ کے کئی علاقوں میں مہینہ بھر بارشوں کا امکان

August 17, 2019

لندن (پی اے)برطانیہ کے کچھ علاقوں کے مہینہ بھر بارشوں کی زد میں رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آئرلینڈ اور ناردرن آئرلینڈ میں زورداربارش ہوگی اور بارش کا یہ سلسلہ اسکاٹ لینڈ، ویلز اور برطانیہ پہنچے گا۔ پیشگوئی کرنے والوں نے صبح 8بجے سے رات 10بجے تک کے اوقات کیلئے ٹرانسپورٹ کے متاثر ہونے اور سیلابی صورتحال کیلئے وارننگ جاری کردی۔ یہ وارننگ ویلز، برطانیہ کے شمال مؓغربی اور جنوب مغربی علاقوں کیلئے کی گئی ہےکہ یہاں موسم سخت خراب رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بعض علاقوں میں 80ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔ ویلز میں اگست کے مہینے میںاوسطاً 107ملی میٹر اور جنوب مغرب میں 90ملی میٹر بارش کی توقع ہے۔ انہوںنے مزید بتایا کہ اگست کا پورا مہینہ مرطوب رہے گا۔ ساحل سمندر اور پہاڑی علاقوں میں 30سے 40میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیںگی۔ موسمیات کی وارننگ کے مطابق سب سے زیادہ سفر کرنے کے اوقات یعنی دوپہر سے شام کے اوقات میں تیز بارش ہوسکتی ہے۔ جس سے بڑی شاہراہوں پر ڈرائیونگ کیلئے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں ہفتے کو بارش کے ساتھ ساتھ دھوپ بھی نکلے گی۔