ایف بی آر کا یکم ستمبر سے امپورٹ کاغذات کی چیکنگ کا فیصلہ

August 17, 2019



فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور کسٹمز کی مشترکہ ٹیموں نے شاپنگ سینٹرز میں درآمدی سامان کی دستاویزات چیک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایف بی آر حکام کے مطابق کسٹمز ایکٹ کے تحت ایف بی آر دکاندار سے امپورٹ کاغذات مانگ سکتا ہے۔

ایف بی آر نے اسمگلنگ کی روک تھام اور درآمدی اشیا کی دستاویزات کی تصدیق کے لیے ایف بی آر کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ یکم ستمبر 2019ء سے ایف بی آر کی خصوصی مشترکہ ٹیمیں تمام بڑے شہروں کے بڑے شاپنگ علاقوں کا دورہ کریں گی اور درآمدی دستاویزات چیک کریں گی۔

چیئرمین ایف بی آر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کسٹمز ایکٹ 1969ء کے تحت ایف بی آر کو قانونی اختیار حاصل ہے، جس کے مطابق ایف بی آر صارفین کو بیچی جانے والی درآمدی اشیا کی تصدیق کے لیے فروخت کنندہ سے درآمدی دستاویزات طلب کر سکتاہے۔

انہوں نے کہا کہ موقع پر درآمدی دستاویزات کی فراہمی نہ ہونے پر دوکاندار کو مہلت دی جائے گی کہ وہ مقررہ وقت تک دستاویزات کی فراہمی کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر مشترکہ ٹیموں سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت ایف بی آر کی ہیلپ لائن پر درج کرا سکتے ہیں یا ای میل کر سکتے ہیں۔