کراچی: میرٹ پر تھانیداروں کی تقرری، 350 میں سے صرف 37 پاس

August 17, 2019

کراچی میں میرٹ پر ایس ایچ اوز کی تقرری کے امیدوار 350 پولیس افسران میں سے صرف 37 افسران میعار پر پورے اتر سکے ہیں جن میں سے پہلے 23 افسران کی شہر کے مختلف خالی تھانوں میں تعیناتی کی جارہی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے عہدے کا چارج لینے کے بعد انٹرویوز اور امتحانات کے ذریعے تھانیدار تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او کی تعیناتی کے خواہشمند لگ بھگ 475 پولیس افسران نے درخواستیں دی تھیں تاہم ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی سربراہی میں 6 ڈی آئی جیز پر مشتمل 7 رکنی امتحانی کمیٹی کے روبرو 350 انسپکٹرز اور سب انسپیکٹرز پیش ہوئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ان میں سے صرف 70 امیدوار پولیس افسران کو انٹرویو میں ایس ایچ او لگنے کے لیے اہل قرار دیا گیا۔

پالیسی کے مطابق ان کی تقرری بھی امتحانات کے بعد عمل میں آنی تھی یہ امتحانات ڈرائیونگ لائسنس برانچ کلفٹن کے سلیم واحدی آڈیٹوریم میں ہفتے کی شام ہوئے۔ جس میں تمام 70 پولیس افسران شریک ہوئے۔

امتحانات لینے والی کمیٹی نے آڈیٹوریم میں ہی پیپر چیک کرنے کے بعد رزلٹ کا اعلان کیا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے "جنگ" کو بتایا کہ امتحانات میں 70 امیدواروں میں سے محض 37 کو پاس قرار دیا گیا ہے۔

اس سے قبل ہفتہ کی دوپہر کراچی کے 107 تھانوں میں پہلے سے تعینات ایس ایچ اوز کو بھی ڈی آئی جی ساؤتھ کے دفتر میں انٹرویوز کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق انٹرویو کے لئے آنے والے 13 ایس ایچ اوز کو اپراسکول کورس کوالیفائی نہ ہونے کی وجہ سے چارج چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا جبکہ متعدد ایس ایچ اوز کو کرپشن، جرائم پر قابو پانے میں ناکامی اور فزیکلی طور پر ان فٹ ہونے کی وجہ سے ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نان اپر کوالیفائیڈ 13 اور دیگر پولیس افسران کے ہٹائے جانے کی وجہ سے کراچی کے 24 تھانے خالی ہوئے ہیں۔ جہاں امتحانات پاس کرنے والے پولیس افسران کی میرٹ لسٹ کے مطابق پہلے 23 افسران کو ایس ایچ او تعینات کیا جارہا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ضلع وسطی کے لیاقت آباد اور سپرمارکیٹ تھانوں کو یکجا کرکے ماڈل پولیس اسٹیشن بنایا گیا ہے۔ جہاں انسپکٹر رضوان پٹیل کی بطور ایس ایچ او تقرری کی گئی ہے۔

سرجانی ٹاؤن، سعید آباد، نارتھ ناظم آباد، پیرآباد، خواجہ اجمیرنگری، میٹھادر، ڈاکس، ابراہیم حیدری، شاہ لطیف ٹاؤن، سکھن تھانے، ملیرسٹی اور میمن گوٹھ تھانوں میں نئے ایس ایچ اوز تعینات کیے جا رہے ہیں۔