پشاور، چوکیدار کے گھر پردستی بم حملہ، مکان کو جزوی نقصان پہنچا

August 19, 2019

پشاور(کرائم رپورٹر) تہکال میں نامعلوم افراد نے چوکیدار کے گھر پر دستی بم سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں مکان کو جزوی نقصان پہنچا تاہم اہل خانہ معجزانہ طور پر بچ گئے، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ عارف اللہ ولد عبد اللہ ساکن غریب آباد نے رپورٹ درج کراتے ہوئے تہکال پولیس کو بتایا کہ وہ واپڈا کا ریٹائرڈ ملازم ہے اور اس وقت گرلز ہاسٹل میں چوکیداری کرتا ہے گزشتہ شب وہ ڈیوٹی پر موجود تھا کہ اس دوران مکان پر بم حملے کی اطلاع ملنے پر گھر واپس آگیا، معلوم ہوا کہ نامعلوم ملزمان نے اُس کے گھر کی دوسری منزل جہاں وہ مقیم ہیں میں ہینڈ گرینیڈ پھینک دیا تھا جو زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا البتہ گھریلو سامان کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اُن کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔