مرید عباس قتل کیس، ملزم کے وکیل کو پیش ہونے کا حکم

August 19, 2019

کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے مرید عباس قتل کیس کی سماعت کے دوران ملزم کے وکیل کو کل عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں کیس کے تفتیشی افسر اور وکیل پیش ہوئے، عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیس میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کیسے شامل ہو سکتی ہیں؟

پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے پہلا قتل خضر حیات کا کیا وہ عوامی مقام تھا، جبکہ دوسرا قتل مرید عباس کا کیا گیا، کراچی میں شاہ رخ جتوئی اور ارشاد رانجھانی کا بھی قتل اسی نوعیت کا تھا، اس میں بھی دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔

تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزم عاطف زمان نے مقتول خضر حیات کو کاروباری مرکز پر مارا، چند ہی منٹ میں 2 قتل کیے جس سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا، افسر کا مزید کہنا تھا کہ اس واردات سے عوام خوفزدہ ہو گئے تھے۔