'ریحان کو انصاف دو' ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

August 19, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

کراچی کے علاقے بہادر آباد میں چوری کے الزام میں تشدد سے ہلاک ہونے والے لڑکے ریحان کی حمایت میں ٹوئٹر صارفین فعال ہو گئے، #JusticeForRehan ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

اس ٹرینڈ کی مدد سے ٹوئٹر صارفین ریحان کی ہلاکت کو انتہائی افسوسناک واقعہ قرار دیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور سزا کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اس ٹرینڈ نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کروالی ہے اور وہ بھی اپنے ٹوئٹس میں اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے نظر آئے۔

اداکارہ ماہرہ خان نے اس واقعے سے متعلق ٹوئٹ میں لکھا کہ 'ہم اتنے بے حس ہو چکے ہیں کہ کسی کو مارا پیٹا جاتا ہے یہاں تک کہ وہ موت کے قریب پہنچ جاتا ہے اور ہم ویڈیوز بنا رہے ہوتے ہیں۔'

اپنے ٹوئٹ کے آخر میں انہو ںنے بھی ہیش ٹیگ جسٹس فار ریحان لکھا۔

حقوق نسواں کے لیے کام کرنے والی ندا کرمانی نے اس بارے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس لڑکے کی تشدد کر کے ہلاک کیے جانے کی ویڈیوز اور تصاویر پوسٹ نہیں کریں گی لیکن اس طرح کا انصاف ہمارے بیمار معاشرے میں پروان چڑھتے تشدد کی سوچ کا عکاس ہے، جہاں تشدد ایک عام بات ہے۔

اداکارہ وینا ملک نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ انہوں نے کچھ ہولناک تصاویر دیکھیں اور وہ کچھ بولنے کے قابل نہیں رہیں، انہوں نے لکھا کہ ہم امن پسند ملک میںرہتے ہیں۔

انہوں نے ارباب اختیار کو جلد از جلد نوٹس لینے کا کہتے ہوئے لکھا کہ ملزمان کو عبرت کا نشان بنایا جائے تاکہ مستقبل میںایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

کراچی کی سیاسی رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی ارم عظیم فاروقی نے بھی ٹوئٹ میں واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اداکارہ ارمینہ خان نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ ریحان تمھارا صرف اتنا قصور تھا کہ تم غریب پیدا ہوئے۔