او آئی سی کشمیر و فلسطین پر نمائندگی کرے، بشیر رٹوی

August 20, 2019

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس تحریک کشمیر بورڈ برطانیہ و یورپ کے چیئرمین چوہدری بشیر رٹوی نے کہا ہے بھارت کو بھرپور جواب دینے کا وقت آگیا۔ بھارت کی بربادی کی شروعات ہو چکی۔ بھارتی وزیر دفاع گیدڑ بھپکیوں کی بجائے مظلوم کشمیریوں کو آزادی دینے پر بات کریں۔ دھونس دھمکیوں کا دور گزر گیا، پاکستان ایٹمی قوت اور بھارت سے زیادہ طاقتور ملک ہے۔پاکستان اپنی شہ رگ کشمیر کے بغیر کبھی بھی مکمل نہیں ہو سکتا۔بھارت بلوچستان اور کراچی میں دہشتگردی کو سپورٹ اور فنڈ مہیا کر رہا ہے۔ او آئی سی ہوش کے ناخن لے اور کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے مسلم جذبات کی نمائندگی کرے۔کشمیریوں کو حق خودارادیت نہ ملنا اقوام متحدہ اور عالمی برادری کیلئے سوالیہ نشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے برطانیہ میں پاک و کشمیر کمیونٹی کے ایک اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے بعد اب بھارت کو ہر فورم پر ناکامی کا مزہ چکھنا پڑے گا۔ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کردار ادا کرے۔ مودی حکومت عالمی امن اور انسانیت کیلئے بہت بڑا خطرہ بن چکی ہے۔پاکستان کی امن پسندی اور پُرامن پالیسی کو کمزوری سے تعبیر نہیں کیا جائے، اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی پوری طاقت رکھتے ہیں۔