عوام جذباتی نعروں سے نکل کر حکمرانوں کا احتساب کریں،مصطفیٰ کمال

August 20, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اب ملک بھر کے عوام کو جذباتی نعروں سے نکل کر حکمرانوں کا احتساب کرنا ہوگا ورنہ آئندہ آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ پی ایس پی ایک نظریہ ہے جو تیزی سے عوام میں مقبول ہو رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار سید مصطفیٰ کمال نے اراکین کراچی آرگنائزنگ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کراچی آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر سید آصف حسنین بھی موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں کامیاب جلسوں کے بعد ہم ممبر سازی مہم شروع کر رہے ہیں جس کے بعد پی ایس پی میں تنظیم نو کا عمل بھی کیا جائے گا۔ لوگ اب لسانی، مذہبی اور خاندانی سیاست سے نکل کر اپنے مسائل کے حل کی بنیاد پر سیاست چاہتے ہیں۔ پی ایس پی اپنے قیام کے پہلے روز سے عوام میں شعور بیدار کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ کراچی سے کشمیر تک عوامی مسائل کا حل پی ایس پی کے پیش کردہ منشور میں ہے۔