پاکستان میں پلاسٹک بیگزپر پابندی،بھارت میں کچرے سے ہزاروں سڑکیں بنادی گئیں

August 21, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

بھارت میں کچرے سے سڑکیں بنادی گئیں

کراچی (نیوزڈیسک )پاکستان میں جہاں پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائی جارہی ہے وہیں بھارت میں اس پلاسٹک کچرے سے ہزاروں سڑکیں بنادی گئی ہیں اوربھارتی سائنسدان نے یہ ٹیکنالوجی کو صرف اپنے ملک کیلئے ہی رکھا ہے،تفصیلات کے مطابق پلاسٹک کے کچرے سے پھیلنے والی آلودگی حالیہ برسوں میں دنیا بھرکیلئےایک نیا چیلنج بن کر سامنے آئی ہے۔ کئی ممالک پلاسٹک یا اس کے کچرے سے پھیلنے والی آلودگی کے سنگین مسئلے سے دوچار ہیں۔پاکستان کے متعدد شہروں میں پلاسٹک کے شاپنگ بیگز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ساتھ ہی ساتھ پلاسٹک کا کچرا ٹھکانے لگانے اور اسے ری سائیکل یا دوبارہ استعمال کرنے کے بھی مناسب طریقے ڈھونڈے جا رہے ہیں۔لیکن بھارت کے ایک سائنس دان راج گوپالن واسودیون چنائی کے ایک انجینئرنگ کالج میں پروفیسر ہیں۔وہ پلاسٹک گاربیج کو ری سائیکل کر کے اسے سڑکوں کی تعمیر میں استعمال کر رہے ہیں۔ یہ ٹیکنالوجی انہوں نے چند سال قبل ہی پیش کی تھی اور اس ٹیکنالوجی کی مدد سے اب تک ہزاروں کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر اور ان کی مرمت کی جا چکی ہے۔ اس سے پلاسٹک آلودگی کم کرنے میں بڑی حد تک مدد ملی ہے۔راج گوپالن کے مطابق انہیں متعدد ممالک کی کمپنیوں کی جانب سے یہ ٹیکنالوجی خریدنے کی پیش کش کی گئی تھی لیکن وہ اپنے ملک کو بلامعاوضہ یہ ٹیکنالوجی دینا چاہتے تھے اس لیے ٹیکنالوجی کسی کو فروخت نہیں کی۔بھارت میں اس ٹیکنالوجی سے بڑے پیمانے پر فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔راج گوپالن کا کہنا ہے کہ بھارت میں سڑکوں کی طوالت 41 لاکھ کلومیٹر ہے۔ سڑکوں کی تعمیر کا بہت سا کام تاحال باقی ہے جس میں یہ ٹیکنالوجی استعمال ہو سکے گی۔