ڈپٹی سپیکر کی ڈاکٹرز ، نرسز اور چوکیداروں کی کمی پورا کرنے کی ہدایت

August 21, 2019

پشاور (سٹاف رپورٹر) حلقہ پی کے 66میں کیٹگری ڈی ہسپتال گاڑہ تاجک اور آر ایچ سی پٹوار سے متعلق ایک اہم اجلاس زیر صدارت ڈپٹی سپیکر محمود جان گزشتہ روز انکے چیمبر میں منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر غلام سبحانی، ڈی ڈی ایچ او ٹائون2ڈاکٹر عبدالوحید اور ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر اختیار علی نے شرکت کی ۔اجلاس میں ڈپٹی سپیکر محمود جان نے متعلقہ حکام کو متذکرہ صحت کے مراکز میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس سٹاف بمعہ چوکیدار کی کمی کو فوری پورا کرنے اور منظور شدہ پوسٹوں کے مطابق اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کی ہدایت کی انہوں نے محکمہ کے حکام پر زور دیا کہ وہ انکے حلقے کے ہسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں دلچسپی سے اپنا کردار ادا کریں اور نگرانی کے عمل کو مزید سخت اور شفاف بنائیں تاکہ عوام کو صحت کی مد میں سہولت میسر ہو اور عوام پرائیویٹ کلینکس کے بجائے سرکاری ہسپتالوں میں علاج کو ترجیح دیں انہوں نے واضح کیا کہ چونکہ مریض کو صحت کی فراہمی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے لہٰذا ڈیوٹی کی انجام دہی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت کے مرتکب عناصر کا ہر محاذ پر قلع قمع کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جو ڈاکٹرز یا سٹاف اپنے فرائض موثر طریقے سے انجام نہیں دے رہے انکے خلاف فوری تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں دور دراز علاقوں میں تبدیل کیا جائے اجلاس میں ڈپٹی سپیکر نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ مذکورہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس بمعہ چوکیدار تین شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دیں تاکہ عوام کو صحت کی مد میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے سٹاف کے رہائشی مسئلے کے حل کیلئے فوری تجاویز مرتب کرنے پر زور دیا تاکہ مذکورہ سٹاف کو صحت کے مراکز کے نزدیک ترین رہائشی جگہ مہیا کی جائے تاکہ انہیں بھی اپنے فرائض انجام دینے میں آسانی ہو۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے حکام نے یقین دلایا کہ مذکورہ ہسپتالوں کی کارکردگی کی مد میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور متعلقہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و سٹاف کی کمی کوجلد از جلد پورا کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم مداخلت انکے مسائل کے حل کیلئے موثر ثابت ہوگی اور مذکورہ صحت کے مراکز میں تین شفٹوں میں ڈیوٹی کی انجام دہی یقینی بنائی جائے گی۔