قراۃ العین حیدر زندگی اور فن

August 25, 2019

مصنّف:جمیل اختر

صفحات: 214،قیمت: 450 روپے

ناشر: اوکسفرڈ یونی ورسٹی پریس، کراچی۔

’’آگ کادریا‘‘کا شمار اُردو ادب میں گنتی کے اُن چند ناولزمیں کیا جاتا ہے، جو ناقدین کی نظروں میں لافانی کہے جا سکتے ہیں۔ پچاس کے اختتامی عشرے میں شایع ہونے والے اس ناول کے سلسلے میں چند تنازعات نے بھی جنم لیا۔ ناول کی مصنّفہ قراۃ العین حیدر تھیں، جن کے قلم سے اُردو ادب کو نہایت اعلیٰ اور معیاری تخلیقات حاصل ہوئیں۔ قراۃ العین حیدر محض ایک شخصیت نہیں، بلکہ تاریخ اور تہذیب کا نام ہے۔ اپنے وسیع علمی اور خاندانی پس منظر اور خود اپنی غیر معمولی لیاقت کی بِنا پر وہ اُردو ادب کی ایک ایسی تخلیق کار ہیں کہ جنہیں پڑھے جانے کا سلسلہ برابر جاری ہے۔ لوگ اُن کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں اور زیرِتبصرہ کتاب میں مصنّف نے ان کے بارے میں تمام تر معلومات یک جا کرنے کے ساتھ ان کی ادبی زندگی کوبھی پوری طرح کھنگالا ہے۔ وہ قراۃ العین حیدرکے تخلیقی سفر پر ایم فِل اور بعد ازاں پی ایچ ڈی کی سطح کا کام کر چُکے ہیں۔