بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم کو تیز کیا جائے، محمد غالب

August 23, 2019

برمنگھم(پ ر) بھارت کی ریاستی دہشت گردی، وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیوں کو اجاگر کرنے کے لئے سیاسی اور سفارتی محاذ پر بھارت کو بے نقاب کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کو معاشی طور پر نقصان پہنچانے کے لئے یورپ بھر میں بھارتی مصنوعات اور فلموں کے بائیکاٹ کی مہم کو تیز کرنے کی ضرورت ہے کشمیری ،پاکستانی کمیونٹی اور کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی رکھنے والے عوام سے بھر پور اپیل کی ضروت ہے کہ مظلوم و محکوم عوام کے ساتھ وابستگی کے لئے بھارتی مصنوعات کو نہ خریدیں اس سے بھارت پر معاشی دبائو بڑھایا جاسکتا ہے۔ تحریک یورپ کے جنرل سیکرٹری انصر منطور حسین کے دورہ برطانیہ کے موقع پر تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی کے درمیان ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا محمد غالب نے کہا کہ اس مہم کو پورے یورپ میں شروع کیا جائے گا، بھارت کی بنی اشیا کی نشاندہی کی جائے گی اس ضمن میں عوام کی مکمل رہنمائی کی جائے گی موجودہ حالات کے پیش نظر بھارت پر ہر طرف سے دبائو ڈالنے کی ضرورت ہے کہ بھارت امن اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرے، بھارت کے خلاف ہر محاذ پر سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ برطانیہ میں بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم پہلے بھی چل رہی ہے اب تحریک کشمیر یورپ اس مہم کو پورے یورپ میں پھیلائے اور اس کے مثبت اثرات مرتب ہونگے اور بھارت کی معیشت پر کاری ضرب لگائی جائے۔ انصر منظور نے کہا کہ اس مہم کے لئے بینرزکتبے اور اشتہارات بنا کر ہر جلسے، جلوس اور عوامی سطح کے پروگراموں میں تشہیرکی ضرورت ہے، علمائےکرام اور آئمہ مساجد کی خدمات بھی حاصل کی جائیں تاکہ ہر فورم سے اس مہم کو حمایت حاصل ہو سکے۔