سیاست کا کچرا نہ کیا جائے، خواجہ اظہار

August 23, 2019

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہارالحسن نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کراچی کے کچرے پر سیاست کرکے سیاست کا کچرا نہ کیا جائے۔

رہنما ایم کیو ایم پاکستان خواجہ اظہار الحسن نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی کے مسائل کو لے کر لطف اندوز ہو رہی ہے، مئیر کراچی اور علی زیدی کی صفائی مہم کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

خواجہ اظہار نے کے الیکٹرک کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ کے الیکٹرک کے نظام میں نقائص ہیں، کے الیکٹرک کی جانب سے کرنٹ لگنے سے ہلاک ہونے والے متاثرین کے لیے کچھ نہیں کیا گیا، جبکہ ان اموات کا ذمہ دار کے الیکٹرک ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو چاہیے کہ شہر کے کھمبوں کو ارتھ فری کرے اور متاثرین کو فوری معاوضہ ادا کیا جائے۔