کشمیریوں کی تحریک آزادی میں ہم انکے ساتھ ہیں،خواجہ سرا

August 24, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے اور مظلوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف خواجہ سرا بھی سڑکوں پر نکل آئے،خواجہ سرائوں کی نمائندہ تنظیم جینڈر انٹر ایکٹیو الائنس کے تحت کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بندیا رانی کی قیادت میں کراچی پریس کلب پر مظاہرہ کیا جس میں خواجہ سرائوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی،مظاہرین نے بھارتی فوج اور نریندر مودی کے خلاف شدید نعرے لگائے،مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت آرٹیکل 370اور 35اے کی منسوخی سے کشمیریوں کی جدو جہد ِ آزادی کو روک نہیں سکتا،کشمیری خود کو تنہا نہ سمجھیں ،آزادی کی اس تحریک میں ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں ، کشمیری عوام جدو جہد ضرور کامیاب ہوگی،مظاہرین کا کہنا تھا کہ کشمیر میں مظالم کے خلاف پوری دنیا سراپا احتجاج ہے ، عالمی برادری اس صورتحال کا سختی سے نوٹس لے، مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ختم کرانے کے لیے بھارتی حکومت پر دبائو ڈالا جائے اور اقوام ِ متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق ِ خود ارادیت دیا جائے ۔