میئر اور واوڈا کے اختلافات ختم کراؤں گا، گورنر سندھ

August 24, 2019

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وہ میئر کراچی وسیم اختر اور وفاقی وزیر فیصل ووڈا کو چائے پر بلا کر اُن کے اختلافات ختم کرائیں گے۔

گورنر سندھ نے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سیاسی نظریات الگ ہیں، صوبے کی بہتری کے لیے ہر ممکن کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں اس وجہ سے کٹوتی ہوئی ہے کیونکہ وفاقی حکومت کی ریکوریز کم ہوئی ہیں۔

عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ فواد چوہدری نے کسی ٹاک شو میں سندھ فتح کرنے کی بات کی ہے ،اُس کو دل پر نہ لیں۔

واضح رہے کہ میئر کراچی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ حکومت کے ایک وفاقی وزیر کا زبان پر کنٹرول نہیں جو اَن گائیڈڈ میزائل ہے ، عمران خان فیصل واوڈا کو لگام دیں ، وہ غیر سنجیدہ ہے اور اسے سیاست نہیں آتی۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان واوڈا کو کنٹرول نہیں کر سکتے تو حکومتی اتحاد سے علیحدگی کا سوچیں گے، اگر ایک وزیر سستی شہرت کے لیے ایسے بیانات دے گا تو اتحاد کیسے چلے گا۔