کراچی کو حکومتی نااہلی نے انسانی المیے کے دہانے پر پہنچا دیا،مصطفیٰ کمال

August 25, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ مون سون کی بارشوں اور عید الاضحیٰ کے بعد سے حکومتی نااہلی نے کراچی کو انسانی المیے کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ کراچی کے حالاتِ وفاقی، صوبائی اور بلدیاتی حکومتوں کی نااہلی اور ناکامی کا کھلا ثبوت ہیں، پاکستانی معیشت کو چلانے والے شہر کو اقتدار کی ہوس نے تباہ کرکے رکھ دیا ہے، دو ہفتے گزر جانے کے باوجود گلیوں میں اب تک بارش اور گٹر کا پانی موجود ہے، جا بجا موجود کچرے کے ڈھیروں سے شہر میں شدید تعفن اور وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں، جبکہ اسپتالوںمیں مریضوں کو دینے کیلئے دوائیں تک موجود نہیں، وفاقی و حکومت سندھ اور بلدیاتی ادارے عوام کے بنیاد مسائل کی فراہمی میں مکمل طورپر ناکام ہوچکے ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کی بربادی کا نوٹس لیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں ڈسٹرکٹ کمیٹیز اور تمام ٹاؤنز کمیٹیز کےانچارجز و اراکین کا اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مصطفٰی کمال نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر اسپرے مہم کا آغاز کرے، مضافاتی علاقوں خصوصاً ندی نالوں کے قریب جراثیم کش اسپرے کیا جائے تاکہ مکھی، مچھر اور دیگر جراثیم کا خاتمہ ہو سکے۔ علاوہ ازیں لیاقت آباد سے نوجوانوں کے ایک بڑے وفد نے مصطفی کمال کے نظریہ سے متاثر ہو کر پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کے اعلان پر چئیرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد پڑھ لکھے، تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ایوانوں میں بھیج کر ملک کی تقدیر بدلنا ہے، ہم صرفِ پاکستانیت کی بنیاد پر تمام اکائیوں،مسالک اورطبقوں کو جمع کرنے جد وجہد کر رہے ہیں تاکہ ملک سے تعصب اورلسانیت کی سیاست کا خاتمہ ہو سکے۔ اس موقع پر سندھ کونسل فنانس سیکریٹری ہمایوں عثمان راجپوت اور علماء کونسل کے صدر انجینئر نبیل ناصر بھی موجود تھے۔