شہر کے تمام علاقوں میں صفائی،کچرا ہر صورت لینڈ فل سائٹ پہنچانے کی ہدایت

August 26, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے بلدیہ عظمی کراچی،ضلعی بلدیات اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ واٹر بورڈسمیت تمام متعلقہ بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام علاقوں میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے مربو ط کوششیں کریں اور یقینی بنائیں کہ سٹرکوں اور گلیوں میں کچرہ جمع نہ رہے جہاں جمع ہے اسے ہر صورت لینڈ فل سائٹس تک پہنچائیں،تمام جی ٹی ایس سے جلد از جلد کچرہ اٹھانے کا نظام بنائیں اور ان مقامات پر جی ٹی ایس نہ بنائیں جس کی وجہ سے علاقہ میں تعفن پھیلے اورشہریوں کو تکلیف ہو،وہ کمشنر کراچی کے دفتر میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے،اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی، کمشنر کراچی افتخار شالوانی،میئر کراچی وسیم اختر، میونسپل کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمان،رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی،رکن صوبائی اسمبلی سدرہ عمران،مینجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسداللہ خان،ڈی جی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اے ڈی سنجنانی، ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، تمام ڈپٹی کمشنرز، تمام ضلعی بلدیات کے چیئرمینز اور دیگر نے شر کت کی،وزیر بلدیات نے کہا کہ بارش کی وجہ سے صفائی کی کوششیں متاثر ہوئیں،شہریوں کو تکلیف ہوئی ہے،اسے دور کر نے کے لیئے تمام ادارے موثر کردار ادا کریں اور یقینی بنائیں کہ جلد از جلد صورتحال بہتر ہو اور شہریوں کو تکلیف سے نجات ملے،اجلاس میں ضلعی بلدیات کے چیئرمینز اور مختلف افسران نے صفائی کے نظام کی بہتر ی کے لئے مختلف تجاویز دیں،اجلاس نے تفصیلی طور پر ان رکاوٹوں کا بھی جائزہ لیا جس کی وجہ سے شہر میں صفائی کے کام میں دشواریوں کا سامنا ہے اور کوششوں کے باوجود مطلوبہ نتائج برآمد نہ ہو سکے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے موقع پر صفائی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے تمام ضلعی بلدیات اور متعلقہ ادارے محرم الحرام کے موقع پر امام بارگاہوں اور مساجد کے اطراف اور جلوس کے راستوں اور مجالس کے مقامات پر صفائی کے لئے ترجیحی کوششیں کر کے صفائی کو یقنی بنائیں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام بلدیاتی ادارے محرم الحرام کے موقع پر امام بارگاہوں اور مساجد کو پانی کی فراہمی کے خصوصی اقدامات کریں گے۔