تعلیمی ادارے ہی کھیلوں کی بنیادی نرسری ہیں، اصلاح الدین

August 28, 2019

لیجنڈری ہاکی کھلاڑی اصلاح الدین صدیقی نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے ہی کھیلوں کی بنیادی نرسری ہیں، ماضی میں زیادہ تر بڑے بڑے کھلاڑی انہی جگہوں سے سامنے آئے اور دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام جشن آزادی اسپورٹس فیسٹول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے جب بھی سر سید یونیورسٹی بلایا جاتا ہے تو میں ضرور آتا ہوں اور مجھے بڑی خوشی ہوتی ہے اور سرسید یونیورسٹی وقتاَ فوقتاَ کھیلوں کے پروگرام کراتی رہتی ہے جو خوش آئند اور صحت مند معاشرے کی عکاسی کرتا ہے۔

تقریب کی صدارت چانسلر جاوید انوار نے کی اور رجسٹرار سرسید یونیورسٹی نے مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہا۔

چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں اسٹوڈنٹس کو منفی سرگرمیوں سے بچاتی اور صحت مند ماحول فرہم کرتی ہیں۔

رجسٹرار سرسید یونیورسٹی نے مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہا۔ اس ٹورنامنٹ میں11 ڈپارٹمنٹ کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ پہلے دن کرکٹ میں 7 میچز کھیلے گئے جبکہ دوسرے دن سیمی فائنل اور فائنل کھیلا جائے گا۔

پہلے دن کے پہلے میچ میں آئی ٹی نے کمپیوٹر سائنس کو ہرا دیا، دوسرے میچ میں کمپیوٹر انجینئرنگ نے بایومیڈکل کو ہرایا، تیسر میچ میں سول نے مینجمینٹ سائنس کو شکست دی، چوتھے میچ میں الیکٹریکل نے ٹیلی کام کو اور پانچویں میچ میں کمپیوٹر سائنس نے سا فٹ ویئر کو اور چھٹے میچ میں سول نے آرکیٹیکچر اور آخری ساتویں میچ میں الیکٹرونکس نے کمپیوٹر انجینئرنگ کو ہرایا۔

پہلا سیمی فائنل الیکٹرونکس اور الیکٹریکل کے درمیان صبح 9 بجے کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل 10 بجے کھیلا جائے گا۔

آرم ریسلنگ میں 12 ڈپارٹمنٹ کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ آرم ریسلنگ کے دلچسپ مقابلوں میں زریاب نے اسماء کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ فائنل میں ٹیلی کام کی زریاب زاہد نے عالیہ کو ہرا کر فائنل جیت لیا۔

آخر میں رجسٹرار اور منتظمین کی جانب سے تمام کھلاڑیوں اور جیتنے والی ٹیموں کو مبارکباد دی گئی۔

رجسٹرار سید سرفراز علی نے اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔