عافیہ امین ورلڈ کپ میں امپائرنگ کی خواہشمند

September 02, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

عافیہ امین ورلڈ کپ میں امپائرنگ کی خواہشمند ویڈیو: پی سی بی

کرکٹ کی دلدادہ خواتین اب امپائرنگ کے شعبے میں بھی قسمت آزمارہی ہیں، 37 سالہ عافیہ امین کا شمار بھی ان 9 خواتین میں ہوتا ہے جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے امپائرنگ پینل میں شامل ہیں۔

عافیہ امین آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ میں میچز سپروائز کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون امپائر بننے کی خواہش رکھتی ہیں۔

عافیہ امین کا کہنا ہے کہ خواتین کے شوق کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سماجی و معاشرتی حالات ہوتے ہیں۔

عافیہ کو کرکٹ میں دلچسپی اسکول میں تعلیم کے دوران پیدا ہوئی، تاہم خاندانی رکاوٹوں کے باعث وہ اپنے شوق کی تکمیل میں ناکام رہیں لیکن پی سی بی امپائرنگ پینل میں شامل عدنان رشید کے ساتھ شادی کے بعد انہوں نے ویمن امپائر بننے کا عزم کیا۔

2006ء میں عافیہ امین نے پی سی بی ویمن ونگ کی جانب سے پہلا میچ سپروائز کیا، وہ 13 سال کے عرصے میں قومی خواتین کرکٹ کے 150 سے زائد میچ سپروائز کرچکی ہیں۔

عافیہ امین کا کہنا ہے کہ 2005ء میں اُن کے شوہر نے بتایا کہ پاکستان میں ویمن امپائرز نہ ہونے کی وجہ سے مردوں کو ہی خواتین کے میچز سپروائز کرنا پڑتے ہیں، جس پر انہوں نے اپنے شوہر سے وعدہ کیا کہ آئندہ سال وہ ویمن میچ سپروائز کریں گی۔

لاہور سے تعلق رکھنے والی عافیہ نے بتایا کہ کھیل کے شعبے کو پروفیشن بنانے والی اپنے خاندان کی وہ واحد خاتون ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امپائرنگ ایک مشکل شعبہ ہے، امید ہے مستقبل میں مزید خواتین اس شعبے سے وابستہ ہوں گی۔

عافیہ امین بطور ویمن امپائر انڈر۔16 مینز کرکٹ میچز بھی سپروائز کرچکی ہیں، وہ آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ میں میچز سپروائز کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون امپائر بننا اور علیم ڈار کی طرح ملک کا نام روشن کرنا چاہتی ہیں۔