امام حسینؓ نے قربانی دے کر انسانی اقدار کی حفاظت کی، علی رضا سید

September 12, 2019

برسلز(حافظ اُنیب راشد) کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے کہاہے کہ نواسہ رسول امام حسینؓ نے عظیم قربانی دے کرانسانی اقدارکی حفاظت کی۔ یوم عاشور پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ واقعہ کربلاہمیں انسانی اقدارکے تحفظ اور انسانی حقوق کا خیال رکھنے کا درس دیتاہے۔ کربلاظلم کے خلاف جدوجہدکانام ہے اوردرس حریت ہے۔ آج جموں وکشمیرکے عوام کربلاکے عظیم پیغام سے متاثرہوکراپنے اس وطن کی آزادی کے لئے جدوجہد کررہے ہیں جس پر بھارتی فوج قابض ہے۔ خاص طور پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام نے جو پانچ ہفتوں سے بھارتی محاصرے میں غذائی قلت اور ادویات کی کمی کا شکار ہیں، کربلا کے عظیم سانحہ سے درس حاصل کیا ہے۔کربلا ظلم و ستم کے خلاف ایک پائیدارجدوجہد کاپیغام ہے اور یہ معرکہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ جذبہ حریت رکھنے والی تمام انسانیت کے لئے ایک سبق ہے۔ واقعہ کربلانے ثابت کیا ہے کہ سچائی اورحق کی قوتیں ہی باطل کے مقابلے میں ڈٹ سکتی ہیں۔ علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل کرفیو، لوگوں گھروں سے باہر آنے، حتیٰ مسلمانوں پر مساجد جانے اور محرم الحرام کی مجالس میں شرکت پر پابندی کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ آج کشمیری بھی حق پر ہیں اور بھارتی فوجی کی جنگی سازوسامان کی برتری ان کے حوصلے کم نہیں کرسکتی اور نہ ہی انھیں شکست دے سکتی ہے۔ سچ کی طاقت بہت مضبوط ہے اور یہ دشمن پر غالب آجاتی ہے۔ ہم کربلاکے اصولوں کو مدنظر رکھ کر باطل کے خلاف نبرد آزماہوسکتے ہیں۔ ہمیں اس طرح کا حوصلہ اور جذبہ پیداکرناہوگااور صبر و استقامت سے کام لیناہوگا۔ بھارت کب تک ظلم و ستم ڈھاتا رہے گا۔ وہ دن دورنہیں جب کشمیریوں کو فتح اورآزادی نصیب ہوگی۔