Advertisement

ایف بی آرکی 73 ایام میں 650 ارب کی آل ٹائم ریکارڈ وصولی

September 12, 2019
 

اسلام آباد( حنیف خالد) ایف بی آر نے 73یوم میں 650ارب روپے کا ریونیو جمع کرکے آل ٹائم ریکارڈ قائم کیا ہے یکم جولائی2019 سے 11 ستمبر 2019تک کے73دنوں میں ایف بی آر نے اگرچہ 650ارب روپے جمع کئے ہیں مگر مالی سال2019-20کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر کو1072 ارب روپے کے محاصل جمع کرنے کا آئی ایم ایف کے ساتھ کیا گیا وعدہ پورا کرنا ہے ا س طرح باقی 19ایام میں ایف بی آر نے 422ارب روپے کے محاصل جمع کرنا ہونگے جو ماضی کی ایف بی آر کی کارکردگی کے تناسب سے ناممکن نظر آرہے ہیں کیونکہ ایف بی آر کی تاریخ میں کبھی ستمبر کے آخری 19دنوں میں 422ارب روپے جمع نہیں کئےجا سکے۔ ایف بی آر کاپہلی سہ ماہی کا ٹارگٹ1072 ارب روپے رکھاگیا ہے جس میں سے ایف بی آر نے580 اب روپے پہلے دو ماہ( جولائی اگست2019) میں جمع کئے ہیں12سے30 ستمبر 2019میں ایف بی آرکو422 ارب روپے کا ہمالیہ پہاڑ سے بلند ٹارگٹ حاصل کرنا پڑیگا اگر30 ستمبر 2019تک ایف بی آر 422 ارب روپے جمع کرنے میں کامیاب ہوگیا تو یہ ایف بی آر کی تاریخ کا نیا ریکارڈ سمجھا جائے گا۔ ایف بی آر کے سابق ممبر پالیسی آڈٹ اور آئی آر آپریشنز رحمت اللہ خان وزیر سے جب اس صورتحال پر تبصرہ کرنے کو کہاگیا تو انہوں نے کہا کہ 422 ارب روپے ستمبرکے 19دنوں میں کر لینا ناممکنات میں سے ہے اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ملک میں اکنامک سلوڈائون(SLOW DOWN) ہے ملکی معیشت کا پہیہ جام ہے پاکستان کی امپورٹس کم ہوگئیں ہیں جہاں سے ایف بی آر کو کسٹم ڈیوٹی سیلز ٹیکس ریگولیٹری ڈیوٹی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور ود ہولڈنگ انکم ٹیکس آتا ہے امپورٹ میں غیر معمولی کمی کی وجہ سے ایف بی آر کا ریونیو بے حد کم ہو جائے گا۔5 اگست2019 کو بھارت نے جو کشمیر کی خود مختاری ختم کرنے کے اقدامات کئے ہیں اس سے پاک بھارت میں جنگ کے خدشات پیدا ہوئے اس سے دونوں ملکوں میں کشیدگی کی وجہ پاکستان میں اقتصادی سست روی، ریونیو کی وصولی اور نئی سرمایہ کاری میںبے حد کمی ہوئی ہے۔


مکمل خبر پڑھیں