مصباح کی ہدایت پر شہزاد اور عمر اکمل کے فٹنس ٹیسٹ

September 13, 2019

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر بعض کھلاڑیوں کے بارے میں سخت موقف رکھتے تھے۔ احمد شہزاد اور عمر اکمل کے ناموں کے سامنے انہوں نے لکیر کھینچ دی تھی۔ لیکن نئے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کسی کو نظر انداز کرنے کے موڈ میں نہیں ۔ ذرائع مطابق احمد شہزاد اور عمر اکمل کے مصباح کے کہنے پر دو روز قبل قومی اکیڈمی بلاکر ان کی فٹنس جانچنے کی کوشش کی گئی ہے۔ عمر اکمل ون ڈے ٹیم میں جگہ بناسکتے ہیں۔ اس کا انحصار ان کی فارم اور فٹنس پر ہوگا۔ احمد شہزاد پہلے سے زیادہ فٹ ہیں لیکن عمر اکمل بظاہر سپر فٹ دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ تاہم وہ اپنے بڑے بھائی کامرن اکمل کے ساتھ فٹنس پر کام کررہے ہیں۔ احمد شہزاد اور عمر اکمل کی اگر قومی ٹیم میں واپسی ہوتی ہے تو وقار یونس کی موجودگی میں صورتحال دلچسپ ہوجائے گی۔ 2016 میں وقار یونس نے دو نوں کرکٹرز کےخلاف منفی رپورٹ دی تھی پھر خود مستعفی ہوگئے تھے اب وہ بولنگ کوچ بن چکے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کو سعد علی اور سعود شکیل کو بھی چیک کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ انہیں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ماضی میں کھلاڑی پیسے دے کر ریجن کی ٹیموں میں آتے تھے۔ مصباح ابھی تک فراخ دلی کے ساتھ ہر اچھی رائے کا خیر مقدم کررہے ہیں اور تجاویز کو اہمیت دے رہے ہیں۔