ڈی آئی جیز سطح پر سوشل میڈیا مانیٹرنگ روم قائم کئے جائیں،آئی جی

September 13, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینٹرل پولیس افس کراچی میں آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں یکم تا عاشورہ محرم تکمیل شدہ سیکیورٹی امور و اقدامات کی بابت ڈی بریفنگ اجلاس ہوا اورآئندہ کی حکمت عملی اور لائحہ عمل پر ہدایات بھی دی گئیں۔آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ چہلم حضرت امام حسینؓ سے قبل سندھ بھر میں سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کا ازسرنوجائزہ لیا جائے ۔ جلوسوں کے متبادل روٹس سمیت خصوصاً مرکزی جلوس کی گزرگاہوں پر پولیس ڈپلائمنٹ/سیکیورٹی پلان کادوبارہ جائزہ لیا جائے اور بم ڈی فیوزنگ کے لیئے دستیاب جدید سہولیات کے استعمال کے ساتھ ساتھ محفوظ ایریاز کابھی تعین کیاجائے ۔ آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ کے لیئے ڈی آ ئی جیز کی سطح پر مانیٹرنگ رومز کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ مذہبی منافرت،شرانگیزی اور دل آزاری جیسے ممکنہ واقعات کی روک تھام اوراس ضمن میں ضروری قانونی اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایف آئی اے و قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں سے مضبوط رابطوں کو بھی ممکن بنایا جائے۔