پی سی بی کی محمد حسنین کو لیگ چھوڑ کر وطن واپسی کی ہدایت

September 15, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین کے این او سی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے اور انہیں کیریبین لیگ چھوڑ کر فوری وطن واپس آنے کی ہدایت کی ہے۔توقع ہے کہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر کو سری لنکا کے خلاف سیریز کے لئے کیمپ میں بلایا جائے گا اور قائد اعظم ٹرافی میں بھی شرکت کریں گے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ محمد حسنین قائد اعظم ٹرافی کے لئےسندھ ٹیم میں شامل ہیں تاہم بورڈ نے کئیربین پریمیئر لیگ کے پورے سیزن کے لیے این اوسی دے رکھا تھا ۔ محمد حسنین کا قائد اعظم ٹرافی پر لیگ کو ترجیح دینے کا معاملہ میڈیا میں آنے پر پی سی بی نے حسنین کو فوری طور پر پاکستان پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔کراچی کے فاسٹ بولر رومان رئیس ڈیڑھ سال گذرنے کے باوجود ابھی تک مکمل فٹ نہیں ہوسکے ہیں اور قائد اعظم ٹرافی میں سندھ کی سیکنڈ الیون کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔لیفٹ آرم فاسٹ بولر نے بدھ کو ٹیم انتظامیہ کو بتایا کہ میں مکمل فٹ نہیں ہوں اور ٹورنامنٹ میں شرکت فٹنس سے مشروط ہے۔رومان رئیس گذشتہ ڈیڑھ سال سے کرکٹ مقابلوں سے باہر ہیں۔سندھ کی سیکنڈ الیون میں ان کا متبادل بولر لیا جائے گا۔قبل ازیں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ لینے والے محمد حفیظ کا نام حیران کن طورپر سدرن پنجاب ٹیم میں شامل کیاگیا تھا ، جس پر سابق کپتان نے بورڈ حکام کو یاد دلایا کہ وہ ریڈ بال کرکٹ چھوڑ چکے، اب ان کا قائد اعظم ٹرافی میں کھیلنا درست نہیں ہوگا، وہ چاہتے ہیں کہ ان کی جگہ کسی نوجوان کرکٹر کو موقع دیاجائے۔