پی ٹی آئی کراچی چھین کر وفاق کو دینا چاہتی ہے، نثار کھوڑو، مولا بخش چانڈیو

September 16, 2019

گڑھی خدا بخش (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو ، مرکزی انفارمیشن سیکریٹری مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ کراچی سندھ حکومت سے چھین کر وفاق کو دے دیا جائے، سندھ کے فنڈز روک کر اب کراچی کو چھیننے کی بات کر رہے ہیں، ہمیں کراچی کے ان لوگوں پر بھی اعتراض ہے جو کراچی میں کھڑے ہوکر اندرون سندھ کا لفظ استعمال کرتے ہیں، گڑھی خدا بخش میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نثار کھوڑو اور مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کالا باغ ڈیم روک سکتی ہے تو اس عمران خان کو بھی روک سکتے ہیں، ملک میں جمہوریت بہت قربانیوں کے بعد آئی ہے اسے قائم رہنے دیں، اگر سندھ کے حقوق پر مزید ڈاکا ڈالا جائیگا تو یہ جمہوریت کے ساتھ دشمنی ہوگی، عمران خان نے بھی آمروں کا راستہ اپنایا ہے اور سیاسی قیدی بنائے ہیں، عمران خان اپنے مخالفوں کے لئے پاکستان کی زمین تنگ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کل بھٹو کی بیٹی اپنے والد سے ملنے کے لئے جیلوں کے دروازے پر کھڑی تھی اور آج بینظیر کی بیٹی اپنے باپ سے نہیں مل سکتی۔ انہوں نے کہاکہ آج اگر کوئی وفاقی وزیر سندھ کو توڑنے کی بات کریگا تو بلاول صاحب اور پیپلز پارٹی سندھ کے لئے ضرور لڑینگے، اگر چھوٹے صوبوں کے خلاف وفاقی حکومت سازشیں کرے گی تو یہ ملک کو توڑنے کی بات ہوگی، عمران خان کے اختیار میں ہے ہی کیا جو ان سے ہم این آر او مانگے گے اور ہمیں این آر او چاہیے بھی نہیں، بینظیر بھٹو پر جھوٹے کیس بنا کر انہیں ایک عدالت سے دوسرے عدالت میں گھمایا گیا، میں ان نااہل، نالائق حکمرانوں کو کہہ رہا ہوں کہ آپ اپنے مخالفین کے لئے زمین تنگ کررہے ہیں۔