سرفرازاحمد ٹیسٹ کرکٹ کی کپتانی چھوڑ دیں،ظہیر عباس

September 17, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کو صرف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کپتان بنانے کا فیصلہ درست ہے ۔ سرفراز کو ٹیسٹ کرکٹ کی کپتانی چھوڑ دینی چاہیے۔ پیر کو کراچی میں ایک بیان میں ایشین بریڈ مین نے کہا کہ موجودہ دور میں تینوں فارمیٹ کی کپتانی مشکل ہے ۔ سرفراز احمد کی جگہ بابر اعظم کو ٹیسٹ کرکٹ کی کپتانی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مصباح الحق کی دوہری ذمہ داری ان کے اختیارات کو بہت زیادہ کر نے کے مترادف ہے۔ مصباح ایک طرح سے بورڈ کے چیئرمین بن گئے ہیں۔ مصباح کو تین برس تک ذمہ داری سونپنا سمجھ سے بالا تر ہے۔ عہدوں کی معیاد دو برس ہونی چاہیے ۔ کارکردگی کی بنیاد پر معیاد میں توسیع ہوتی رہے تو کوئی مضائقہ نہیں۔ ظہیر عباس نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے جلد ریٹائرمنٹ پر پی سی بی سخت قوانین بنائے۔ ٹیسٹ کرکٹ کی فیس میں اضافہ کیا جائے تاکہ ٹیسٹ کھیلنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ نئے ڈومسٹک کرکٹ سسٹم سے امید ہے اچھے نتائج ہیں ۔ نئے نظام سے کھلاڑی متاثر ہوں گے، ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں بند کر دینے سے کھلاڑیوں کی ملازمتیں ختم ہوگئ ہیں۔