ہائیکورٹ: بیٹی کی برآمدگی کی درخواست خارج کرنے کا حکم

September 17, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے بیٹی کی برآمدگی کی درخواست خارج کرنے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت میں شاہ جمالکی رقیہ بی بی نے درخواست دائر کی تھی کہ اس کی بیٹی روبینہ کو چند ملزموں نے اغواء کر کے محبوس رکھا ہوا ہے جس کو پولیس کی جانب سے برآمد نہیں کیا جا رہا ، عدالت کی طلبی پر ملزموں کے وکیل کی جانب سے بیان دیا گیا کہ مذکورہ خاتون پولیس کو ان ملزموں کے قبضے میں بیٹی نہ ہونے کا بیان دے چکی ہے لیکن اب دوبارہ درخواست دیدی ہے جس پر فاضل عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے دوبارہ پولیس سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے،دریں اثنا ہائیکورٹ نے بھائی کے قتل میں سزا پانے والے ملزم کی اپیل پر سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت میں مقتول کی اہلیہ نے درخواست دائر کی تھی کہ اس کے شوہر عابد حسین کو لین دین کے تنازع پر دیور محمد اختر نے قتل کر دیا جس پر سسر حق نواز کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا لیکن سسر نے بیٹے کو معاف کر کے بری کرا لیا جس پر اس نے سیشن عدالت لیہ میں استغاثہ دائر کیا کہ اس نے شوہر کا قتل معاف نہیں کیا تو فاضل عدالت نے سماعت کے بعد 21 دسمبر 2015ء کو ملزم محمد اختر کو عمر قید اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا جس کے خلاف ملزم نے فاضل عدالت میں اپیل دائر کی ہوئی ہے۔