ایکسل رجیم لوڈ پر ہرصورت کنٹرول کروائیں گے، ڈی آئی جی موٹر وے

September 18, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی موٹروے پولیس سائوتھ زون ڈاکٹر مسرور عالم کولاچی نے واضح کیا ہے کہ ایکسل رجیم لوڈ پر ہرصورت کنٹرول کروائیں گے، منگل کو یہاں موٹروے ایم نائین پر واقع ان کے دفتر میں ڈی آئی جی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں وزارت مواصلات کی طرف سے ایکسل رجیم لوڈ پر کنٹرول کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، موٹر وے پولیس کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن ناظم الدین بڑدی، صدر یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹ ملک شیر خان، سیکرٹری سندھ ٹرانسپورٹ گڈز عرفان نیازی، این ایچ اے کے ڈائریکٹر کنسٹرکشن ایم حسین شاہ، ایف ڈبلیو او کے لیفٹننٹ کرنل مسرت عباس اور تمام سیکٹر ہیڈز نے شرکت کی، ڈی آئی جی نے کہا کہ شاہراہیں ہمارا قومی اثاثہ ہیں جن پر قوم کا خطیر سرمایا لگا ہوا ہے، اوور لوڈنگ کی وجہ سے موٹر ویز اور ہائی ویز پر گڑھے پڑ جاتے ہیں جس کی وجہ سے حادثات رونما ہوتے ہیں اور نتیجے میں قیمتی جانوں کا زیاع ہوتا ہے، یہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے کہ اوور لوڈنگ ختم کروائیں، تمام اسٹیک ہولڈرز نے عزم ظاہر کیا کہ وزارت مواصلات کی طرف سے ایکسل رجیم لوڈ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔