برطانوی شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان‘ تیاریاں آخری مرحلے میں

September 19, 2019

اسلام آباد (حنیف خالد)پاکستان کی وزارت خارجہ اور لندن میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن نے برطانوی شاہی جوڑے (شہزادی کیٹ اور شہزادہ ولیم)کے دورہ پاکستان کیلئے تیاریوں کو آخری شکل دیدی ہے۔ برطانوی وزارت خارجہ اور اسلام آباد میں موجود برطانوی ہائی کمیشن نے بھی برطانوی شاہی جوڑے کے مجوزہ دورہ پاکستان کے بارے میں اہم انتظامات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکومت پاکستان کے ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑے کو صدر اور وزیراعظم کے مساوی پروٹوکول دیا جائیگا اور اُنکی پاکستان آمد اور روانگی تک سخت ترین سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔ برطانوی شاہی جوڑے کی مصروفیات کے مقامات کے اردگرد تین حفاظتی حصار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سکیورٹی کی ذمہ داری پاکستان کے حساس اداروں اور پولیس کی ہو گی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق برطانیہ کے شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان چار سے چھ دن کے لگ بھگ ہو گا۔ اس دورے کے دوران انکی صدر سید عارف علوی‘ وزیراعظم عمران خان‘ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ‘ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دوسری اہم شخصیات سے ملاقاتوں کے پروگرام کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔ برطانوی شاہی جوڑے کیلئے غیرمعمولی سکیورٹی کی خاطر انکے دورہ پاکستان کی تاریخوں تک کو پوشیدہ رکھا جا رہا ہے اور یہ بات بھی ابھی تک منظر عام پر نہیں آئی کہ وہ اسلام آباد کے علاوہ پاکستان کے کن کن شہروں میں جائیں گے۔