پاک سری لنکا سیریز: ڈیوڈ بون میچ ریفری مقرر

September 21, 2019

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریز کے لیےامپائرز کے پینل کا اعلان کردیا ہے، آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ڈیوڈ بون کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔

پاک سری لنکا سیزیز کے لیے آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل مائیکل گف، جول ولسن اور علیم ڈارامپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ احسن رضا، شوزب رضا اور آصف یعقوب بھی امپائرنگ پینل میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے :سری لنکا نے دورۂ پاکستان کی تصدیق کردی

پہلے ون ڈے میچ کے لیے جول ولسن اور احسن رضا کو آن فیلڈ امپائرز مقرر کیا گیا ہے جبکہ مائیکل گف تھرڈ امپائر اور راشد ریاض فورتھ امپائر ہوں گے ۔

دوسرے ون ڈے میچ میں مائیکل گف اور شوزب رضا آن فیلڈ امپائرز کی ذمے داریاں نبھائیں گے، جبکہ جول ولسن تھرڈ امپائر اور احسن رضا کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔

آئی سی سی نے تیسرے ون ڈے میچ میں جول ولسن اور علیم ڈار کو آن فیلڈ امپائرز، مائیکل گف تھرڈ امپائر جبکہ آصف یعقوب کو فورتھ امپائر مقرر کیا ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا کی ٹیم بدھ کو پاکستان آئے گی، پہلا ون ڈے 27 ستمبر کو کراچی میں کھیلا جائے گا، اس کے بعد مزید دو ایک روزہ میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوں گے، تین ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں شیڈول ہیں۔