ہمیں جیل کی نہیں، رویے کی پریشانی ہے، چانڈیو

September 21, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

ہمیں جیل کی نہیں، رویے کی پریشانی ہے، چانڈیو

پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ ہم زرداری صاحب سے اسپتال ملنے گئے، وہاں پولیس آگئی، ہم احتساب کی نہیں رویے کی مخالفت کررہے ہیں، ہمیں جیل کی نہیں آپ کے رویے کی پریشانی ہے۔

حیدرآباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری صاحب کو جیل میں آرام دہ کمرہ نہیں ملا، ان کے کمرے میں نہ ہی اے سی ہے اور نہ ہی ٹی وی موجود ہے۔

مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی طبیعت خراب ہے، زرداری نہ ڈرے گا اور نہ ہی کسی کے سامنے جھکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم احتساب کےخلاف نہیں ہیں، احتساب کے دُہرے معیار کےخلاف ہیں، ہمیں جیل جانے کی پریشانی نہیں ہے، اگر ہے تو وہ حکومت کے رویے سے پریشانی ہے۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت محکمے صوبوں کو ملنے چاہیے، پی ٹی آئی حکومت نے وفاقی بجٹ میں سندھ کو کوئی منصوبہ نہیں دیا، جبکہ ان کےلوگوں پر نیب کے کیسز ہیں، لوگ ہمارے گرفتار ہوگئے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے لوگ گرفتار ہورہے ہیں مگر تحریک انصاف والوں کے نہیں ہورہے، جبکہ جو معاملات ادھر کے ہیں، انہیں اٹھا کر اسلام آباد لے گئے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ایک صوبے کے لوگوں سے ایسا رویہ رکھ کر خوشیاں نہ منائیں، میاں صاحب کے وزیر بھی سندھ کے لوگوں کی توہین کرتے تھے، مگر آج میاں صاحب کی بیٹی کی تکلیف دیکھ کر خوش نہیں ہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ خان صاحب، آپ کے وزیر بغلیں بجا رہے ہیں، یہ کہتے ہیں ہم سندھ حکومت گرا دیں گے، وزیراعلیٰ سندھ کو گرفتار کرلیں گے، ایسے وفاق کو چلاتے ہیں؟ وفاق کو محبت سےچلایا جاتاہے۔