سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کا مرکزی ملزم رحمان بھولا قتل کیس میں بر ی

September 22, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ماڈل کورٹ ویسٹ نےسانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کو قتل کیس میں بر ی کردیا۔ ہفتے کو ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ غربی نے شہری مرید حسین اور بشیر احمد کے قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے تین ملزمان کو بری کر دیا۔ ملزمان میں رحمان بھولا،عبدالقادر اور نعیم شامل ہیں ۔ملزم کے وکیل عابد زمان نے بتایا کہ رحمان بھولا کو پولیس نے بد دیانتی کی بنیاد پر کیس میں نامزد کیا۔رحمان بھولا کا اس قتل کیس سے کوئی تعلق نہیں ۔استغاثہ کے پیش کردہ گواہوں کے بیانات میں تضاد ہے۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 2012 میں شہری مرید حسین اور بشیر احمد کو قتل کیا۔ ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ تھانہ بلدیہ ٹاؤن میں درج ہے۔