دفترخارجہ نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو مسترد کردیا

September 24, 2019

پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے بالاکوٹ میں دہشت گردی کیمپ دوبارہ فعال کرنے کے الزام کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی آرمی چیف بپن راوت کا بالاکوٹ میں دہشت گردی کے کیمپ دوبارہ فعال کرنے کا الزام بے بنیاد ہے، دراندازی کے الزامات مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے بین الاقوامی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ان ہتھکنڈوں کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا جبکہ بھارت الزامات سے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کو چھپا نہیں سکے گا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارت اقوام متحدہ کی انتظامیہ کے کام میں سختی سے رکاوٹیں ڈالتا ہے، بھارت کے متشدد بیانات اور اقدامات علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی برادری ہندوستان پر زور دے کہ وہ ذمہ داری سے کام کرے۔

یہ بھی پڑھیے: کشمیر میں اسلام کی صحیح تشریح کیلئے مبلغ لانے ہونگے، بھارتی آرمی چیف

واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے گزشتہ روز پاکستان پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ بالاکوٹ حملے کے بعد وہاں موجود لوگ دوبارہ متحرک ہو گئے، اس بار وہ بالاکوٹ سے کہیں آگے جائیں گے، ہمارے پاس تمام آپشنز ہیں۔

بپن راوت نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ 500 سے زائد دہشت گرد سرحد پار کرنے کے انتظار میں ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے زیرِ کنٹرول کشمیر پر توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں عوام کے درمیان مواصلات رابطوں پر کوئی پابندی نہیں ہے۔