میلان کی تعمیرات سے ایک دنیا حیران ہے

October 06, 2019

اٹلی کے شہر میلان کو شاید آپ فیشن یا فیشن ویک کے نام سے جانتے ہوں گے اور بلاشبہ یہ دنیا کے ان پانچ شہروںمیں سے ایک ہے، جہاں سے فیشن اور آرٹ کےسرخاب اُڑکر دنیا کے کونے کونے میںپہنچتے ہیں۔

مگر ہم بات کریں گے یہاں کے آنکھوں کوخیرہ کرتے تعمیراتی شاہکاروںکی، جن کی ایک دنیا معترف ہے۔ سیاحت کے رسیا ہزاروں میلوں کا سفر طے کر کےجب میلان سدھارتے ہیںتو پرستانوں جیسے عجائب کو دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں۔ سب سے اہم بات، یہ لیونارڈو ڈونچی کا شہر ہے، جسے وہ اپنا گھر کہتاتھا۔

اطالوی زبان میںمیلانو کہلایا جانے والا یہ اٹلی کا دوسرا بڑا شہر اور شمالی اٹلی کے علاقے لومباریہ کا صدر مقام ہے۔ اس شہر کی آبادی جولائی 2018ء میں تقریباً14لاکھ اور پورے صوبے میلان کی آبادی 38لاکھ کے لگ بھگ تھی۔آئیںاس کی چنیدہ شاہکار عمارتوں کا ذکر کرتے ہیں۔

میلان کیتھڈرل

یہ اٹلی کا سب سے بڑا اور دنیا کا پانچوںبڑا چرچ ہے، جس کی تعمیر چھ صدیوں میں مکمل ہوئی۔ 34ہزار سے زائد مجسمے ایستادہ کرنے کی وجہ سے اس کی تعمیر میں اتنا طویل وقت لگا۔ اس کیتھڈرل کی تعمیر1386ء میںشروع ہوئی اور 1965ء میں سرکاری طورپر اسے مکمل قرار دے دیا گیا۔

اس کیتھڈرل کی خوبصورتی دیکھ کر آپ مبہوت رہ جاتے ہیں، اس کے سحرانگیز مجسمے اور ان کے وجودسے نکلتی روشنیاں، جابجا نظرآتے تاریخی فن پارے، بلند و بالا ستون، نقش و نگار، کھڑکیوں کے انداز، چھت پر کی گئی پچی کاری، غرض یہ کہ ایک ایک نظارہ آپ کے ہوش گم کردیتا ہے۔

سفروزہ کیسل

یہ قلعہ شہر کے ماضی کی داستان بیان کرتاہے، جو 1450ء میں شہر کی حفاظت کیلئے تعمیر کیا گیا تھا۔ اس کے نیچے پانی سے بھری ایک گہری خندق تھی۔ بلندو بالا دروازے سے داخل ہوتے ہی آپ کو آسمان سے باتیں کرتی دیواریں، ہرے بھرے لان، کشادہ راہداریاں، کونوںمیں بنی برجیاں اور سینٹ ایمبروسس کا مجسمہ آپ کو مبہوت کردیتا ہے۔

اس کی پکچر گیلری میںحسین شاہکار، قبل از تاریخ لکڑی کے مجسمے ، مصری حصہ ، سفروزہ خاندان کا محل، شاہکار فن پارے اور خوبصورت فرنیچر آپ کو کسی اور ہی دنیا میںلے جاتے ہیں۔

لیونارڈ ڈونچی کا مجسمہ

میلان کیتھڈرل کے ساتھ واقع ایک خوبصورت عمارت ویٹوریو گیلریا ہے، جسے دنیا کے سب سے پرانے شاپنگ مال ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ تاہم جدید دور کا تڑکا اسے لگ چکاہے اور اب ا س میں آپ کو مشہور برانڈز کے ساتھ ساتھ آرٹ گیلریاں بھی ملیں گی۔ اس کی چھت شیشے کی بنی ہوئی ہے۔ یہ عمارت درودیوار پر بنے نقش و نگار، تصاویر اور اونچے اونچے محرابوںسے مزین ہے۔

اس عمار ت کے درمیان آپ کو لیونارڈو ڈونچی کا مجسمہ بھی نظرآتاہے، جو سیاحوں سے گھرا رہتا ہے ۔ مونا لیزا کی پینٹنگ سے شہر ت پانے والا لیونارڈو ایک قابل انجینئر بھی تھا ، اسی لیے ا س نے اُس زمانے کی تعمیرات میں سائنسی ڈایاگرامز کو زندگی عطا کی تھی۔

بوسکو ورٹیکل

میلان میں واقع آنکھوں کو بھاتی شہری تعمیرات کی شاہکار بوسکو ورٹیکل نامی اس رہائشی عمارت کو یورپ کی بہترین بلند ترین عمارت کے اعزاز سے نوازا گیاہے۔ آسمان کو چھوتی اس عمارت میں بارز، ریسٹورنٹس، گیلریز اور بے شمار عمارتیںموجود ہیں۔ گرین ہائوس ایفیکٹ کا منظر پیش کرتی یہ عمارت دیکھے جانے کے قابل ہے۔

اس میں800درخت اور 1500پودے ہیں، جو کل ملا کر ایک جنگل کا 20ہزار اسکوائر فٹ رقبہ بناتے ہیں۔ یہاں کے لوگوں کو شہری ماحول میں قدرتی ماحول میسر ہے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا کرنے کیلئے دنیا میں مستقبل کی عمارات کیلئے ایک قابل قدر مثال ہے۔