افغان حکومت اور طالبان کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ

October 07, 2019

پاکستان میں امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی طالبان رہنماؤں سے ملاقات کے بعد افغان حکومت اور طالبان کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔

افغان حکومت نے طالبان گروپ کے دو شیڈو گورنر سمیت متعدد قیدیوں کو رہا کردیا۔

طالبان نے بھی اپنی قید میں تین بھارتی انجینئروں کوآزاد کردیا، تاہم بھارتی انجینئروں کی رہائی کی بھارتی یا افغان حکومت نے تصدیق نہیں کی۔

طالبان عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت نے طالبان گروپ کے متعدد قیدیوں کو رہا کیا ہے، جس میں کنڑ اور نمروز صوبے کے شیڈو گورنر بھی شامل ہیں، جواب میں طالبان نے بھی قید تین بھارتی انجینئروں کو رہا کیاہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق نئی دلی یا افغان حکومت نے قیدیوں کی رہائی کی تصدیق نہیں کی جبکہ افغان محکمہ دفاع اور صدارتی دفتر نے بھی خبر پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔

طالبان کے سابق کمانڈر سید محمد اکبر آغا نے دعویٰ کیا ہے کہ گیارہ طالبان قیدیوں کی رہائی کے بدلے تین بھارتی قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔