گزشتہ ادوار میں گورننس کے مسائل کو حل نہیں کیا گیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان

October 08, 2019

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ماضی میں بلوچستان ان گنت مسائل کا شکار رہا ہے، گزشتہ ادوار میں گورننس کے مسائل کو سنجیدگی سے حل نہیں کیا گیا، صوبے میں امن وامان کی ناقص صورتحال کی وجہ سے معیشت متاثر ہوئی، مذہبی، لسانی، مسلکی، سماجی اور معاشی مسائل کے سبب تجارتی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر تھیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے تحت منعقدہ نیشنل سیکورٹی ورکشاپ 21 کے بلوچستان کے دورے پر آئے ہوئے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کی مجموعی صورتحال بہتر کرنے کے لئے تمام محکموں میں بنیادی سطح پر اصلاحات کررہی ہے، تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے جامع اقدامات کئے جارہے ہیں۔

جام کمال خان کا کہنا تھا کہ صوبے میں پہلی بار ریسکیو سروس 1122 کا آغاز کیا جارہا ہے، صوبے کی اہم شاہراہوں پر 18 ٹراما اور ایمرجنسی سینٹر بنائے جارہے ہیں۔ صحت کے شعبے میں مجموعی بہتری کے لئے صوبائی حکومت ہیلتھ کیئر کمیشن بل لارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے کے ریونیو میں اضافے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کررہی ہے، صوبائی حکومت بی آر اے سے رواں سال 25ارب روپے کماسکتی ہے، جبکہ ساحل سے نمک حاصل کرکے ہم دوسو بلین ڈالر کماسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے، صوبائی حکومت ساحلی پٹی، معدنیات، زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں سے خاطر خواہ استفادہ کی پالیسی پر گامزن ہے تاکہ صوبے میں مجموعی بہتری اور خوشحالی آئے۔