بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران کو جنم دیا، وزیراعظم

October 09, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین پیلز کانگریس لی ژان شو سے ملاقات کی

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کے 5 اگست کے غیر قانونی اقدام نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران کو جنم دیا ہے۔

عمران خان نے ان خیالات کا اظہار چین کے چیئرمین پیپلز کانگریس لی ژان شو سےگریٹ ہال میں ملاقات کے دوران کیا۔

وزیراعظم نے چین کی 70ویں سالگرہ پر چیئرمین لی ژان شو کو مبارک دی اور ساتھ ہی اُنہیں دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دی، جو اُنہوں نے قبول کرلی۔

عمران خان نے دوران ملاقات کہا کہ بھارتی غیر قانونی اقدامات سے خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرات پیدا ہوگئے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی صورتحال سنگین ہوچکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں دو ماہ سے لگائے گئے کرفیو کو فوری ہٹانے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس نے کہا کہ چین، پاکستان کے اہم قومی مفاد کے امور میں حمایت جاری رکھے گا۔

عمران خان نے چند دہائیوں میں چین میں ہونے والی زبردست اقتصادی ترقی کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان اپنے دوست ملک کے غربت کے خاتمے کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی پیک منصوبوں کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، چین کی کمپنیاں پاکستان کے اہم جغرافیائی محل وقوع سے فائدہ اٹھا کر صنعتیں لگا سکتی ہیں۔

لی ژان شو نے وزیراعظم عمران خان کو یقین دہانی کرائی کہ چین، ان کے تجویز کردہ اقدامات پر تعاون کرے گا۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ پارلیمانی اور اعلیٰ سطح کے رابطوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔