اساتذہ پر پابندی لگانے والے سیکریٹری تعلیم خود بیرون ملک روانہ

October 10, 2019

کراچی (محمد عسکری ؍ اسٹاف رپورٹر) محکمہ تعلیم میں ہونے والی ایک عجیب پیشرفت یہ ہے کہ اساتذہ کرام کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کرنے والے محکمہ تعلیم کے دہرے چارج کے حامل سیکریٹری اسکول ایجوکیشن احسن علی منگی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود سرمایہ کاری سے متعلق کانفرنس میں شرکت کیلئے بیرون ملک روانہ ہوگئے ہیں اور سائلین کے روزانہ بڑھتے رش کا بھی خیال نہ کرتے ہوئے انہوں نے جانے سے قبل اپنے عہدے کا چارج کسی کو نہیں دیا جس سے محکمے کی صورتحال دگرگوں نظر آتی ہے۔ اساتذہ پر عائد کی جانے والی پابندی کے باعث درجنوں ملازمین عمرہ و زیارت پر جانے سے محروم رہ گئے۔ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ کسی کو محکمے میں سائلین کی پریشانی و مسائل کا احساس نہیں۔سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کے پاس سیکریٹری سرمایہ کاری کا بھی چارج ہے جس سے حکومت کے پاس اہلیت کے حامل لوگوں کی کمی کا اشارہ بھی ملتا ہے، ایسے میں تعلیم کے سیکریٹری سرمایہ کاری کے متعلق کانفرنس کیلئے بیرون ملک روانہ ہو جائیں گے تو محکمہ تعلیم کا کام کون کرے گا یہ واضح نہیں ہو سکا۔احسن علی منگی کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ سرمایہ کاری سے متعلق کانفرنس میں شرکت کیلئے اسٹریلیا چلے گئے ہیں اور جلد واپسی متوقع ہے۔ واضح رہے کہ 6؍ اگست کو وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے کابینہ میں رد و بدل کا اعلان کیا تھا اور سردار شاہ سے وزارت تعلیم کا قلمدان لے کر انہیں ثقافت و سیاحت کا وزیر مقرر کیا تھا۔ اس کے بعد یعنی ایک ماہ سے تعلیم کا محکمہ کسی وزیر کو نہیں دیا گیا اور اب سیکریٹری اسکولز ایجوکیشن کی آسٹریلیا روانگی کے بعد محکمہ لاوارث ہو چکا ہے۔