شمالی لندن میں پائپ لائن پھٹنے سے سیلابی پانی گھروں میں داخل

October 10, 2019

لندن (پی اے) شمالی لندن میں واٹر پائپ لائن پھٹنے کے بعد گھروں کے سیلابی پانی میں ڈوبنے سے 50 فیملیز عارضی اکوموڈیشن میں رہ رہی ہیں۔ فنسبری پارک ایریا میں منگل کو مقامی وقت کے مطابق 08.00 بجے 36 انچ قطر کی واٹر پائپ لائن پھٹ گئی تھی، جس سے درجنوں پراپرٹیز اور سکولز میں سیلابی پانی داخل ہو گیا۔ ٹیمز واٹر کا کہنا ہے کہ عارضی طور پر مرمت کر دی گئی ہے اور سیلابی پانی کو نکالا جا رہا ہے۔ بعض مقامی سڑکیں ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔ پائپ لائن کوئنز ڈرائیو اور پرنسس کریسنٹ کے جنکش پر پھٹی تھی۔ سیلابی پانی کو نکالنے اور امدادی سرگرمیوں کیلئے 12 فائر انجن اور 80 فائر فائٹرز کام کر رہے ہیں۔ پائپ لائن پھٹنے سے این 1، این ،4، این 5، این 7، اور این 19 پوسٹ کوڈ ایریاز میں بالکل پانی فراہم نہیں ہو رہا یا پریشر کم ہے۔ متاثرہ گھرانوں کو عارضی رہائش گاہوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ کوئنز ڈرائیو کی بیسمنٹ میں رہائش پذیر تنجا شنٹزر نے بتایا کہ اس پراپرٹی کے تمام کمروں میں پانی بھر گیا تھا اور صرف آدھے گھنٹے میں پانی فرش سے چھت تک پہنچ گیا۔ یہ صورت حال تباہ کن ہے۔ اس سیلابی پانی میں ہم نے سب کچھ کھو دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے کی پراپرٹیز کو پانی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے، تاہم ٹیمز واٹر نے متنبہ کیا کہ صبح کے اوقات میں مکینوں کو کچھ پریشانی ہو سکتی ہے۔ فرم کے ترجمان نے کہا کہ کسی بھی قسم کی مشکل صورتحال کیلئے پانی کی بوتلیں اور پلمبرز تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرز پائپ لائن کو فکس کرنے کا کام جلد مکمل کر لیں گے۔ منگل کو سیلابی پانی کی وجہ سے بند کئے جانے والا پارک وڈ پرائمری سکول دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔