فرنیچر کے مختلف دیدہ زیب ڈیزائن

October 11, 2019

گھر خریدکر یا کرائے کی جگہ پر شفٹ ہونا ایک تھکا دینے والا عمل ہے۔ ایسے میںایک تخیلاتی سفر پر جانے کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے، جس میں آپ ایسے وضع دار اور اسٹائلش فرنیچر کی تلاش کر سکیں، جسے دیکھنے کے بعد آپ اس کے بغیر رہ ہی نہ سکیں۔

اس مضمون کے ذریعے ایسا ہی کچھ ہونے والا ہے۔ ہم نے کچھ ایسا فرنیچر ڈھونڈ نکالا ہے، جس کی مدد سے آپ اپنے گھر کو مکمل طریقے سے سجا سکتے ہیں۔ ہمارے آج کے انتخاب میں شامل تمام فرنیچر کو ماہرینِ تعمیرات کی منظوری حاصل ہے، کیونکہ یہ خوبصورت ہونے کے ساتھ عملی بھی ہے۔ اگر آپ گھر کے لیے اسٹائلش فرنیچر کی تلاش میں ہیں تو آپ کو کچھ دیدہ زیب فرنیچرکے بارے میںبتاتے ہیں۔

کرسیاںاور میزیں

گھر کی دو بہت اہم چیزیں کرسیاں اور میزیں ہیں، جو جگہ کو آرام دہ اور منظم رکھتی ہیں۔ چوڑی کافی ٹیبل کے ساتھ کاؤچ، کرسیاں اور بینچز وہ چیزیں ہیں، جو بیٹھنے کے کمرے میں بہت ضروری ہوتی ہیں۔ اگر آپ کے پاس زیادہ جگہ ہے تو آپ کونےمیں رکھنے کے لیے چھوٹی میزیں اور فلورکشن کا اضافہ بھی کرسکتے ہیں۔ کُشن کے رنگ کے انتخاب میں سفید کے ساتھ شوخ رنگوں کا امتزاج تخلیق کریں۔

صوفے

لیونگ روم اور ڈرائنگ روم میں صوفہ سیٹ کا ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ یہ ہمیں آرام کے ساتھ ذہنی سکون بھی پہنچاتے ہیں۔ صوفے جتنے آرام دہ ہوںگے اتنا ہی اچھا ہے۔ صوفوں کے رنگ کا انتخاب آپ اپنے کمرے کی تھیم کے حساب سے کرسکتے ہیں، آجکل ان کے لیے شوخ رنگوں کا انتخاب بھی کیا جارہا ہےجو کہ خوبصورت احساس اور آنکھوں کو فرحت بخشتے ہیں۔

ایک آرام دہ بستر

بستر گھر کے فرنیچر میں دوسری بڑی ضرورت ہے، یہ وہ چیز ہے جس پر ہم ایک لمبے اور تھکان سے بھرپور دن کے آخر میں رات کو اپنا سر رکھتے ہیں۔ اگر بستر آرام دہ ہو، تو ہم تروتازہ اُٹھتے ہیں اور اگلے دن کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجاتے ہیں۔

سنگھار میز

سنگھار میز تو ہر اس خواب گاہ کا اہم حصہ ہوتی ہے، جس میں خاتون موجود ہوں۔ تاہم چھوٹی ہی سہی لیکن مرد حضرات بھی اپنے کمرے میں سنگھار میز رکھنا پسند کرتے ہیں۔

عموماً سنگھار میز میک اَپ کے سامان، پرفیومز، جیل، لوشن اور کریم وغیرہ سے سجی ہوتی ہے، جو ضرورت کے وقت فوراً استعمال کرلیےجاتے ہیں۔ ہر کسی کی اپنی ترجیحات ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے وہ اپنی خوابگاہ میں سنگھار میز کو لازمی سمجھتے ہیں۔

آرام دہ نشست

آرام دہ نشست، ویسے تو اکثر کشادہ اور وسیع خوابگاہوں میں رکھی جاتی ہیں۔ تاہم اگر آپ کی خواب گاہ چھوٹی ہے اور آپ نشست رکھنے کے خواہشمند ہیں تو کیوں نہ کسی چھوٹی سی نشست کا انتخاب کرلیا جائے؟ اس طرح آپ کے کمرے میں صوفے کی کمی بھی پوری ہوجائیگی اور نشست کا شوق بھی، اس کے لیے بس تھوڑی تخلیقی سوچ کی ضرورت ہے۔

کھلے شیلف

رہائشی کمرے میں چیزوں کو نمایاں کرنے اور سجانے کے لیے کھلے شیلف اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ آپ کمرے کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے ان شیلف میں سجاوٹی اشیا رکھ سکتے ہیں۔ گھر کی تعمیر کے دوران دیوار میں شیلف بنوائے جاسکتے ہیں، بصورت دیگر بازار سے خوبصورت تیار شیلف بھی لاکر رکھے جاسکتے ہیں۔

لکڑی کا فرنیچر

گہرے رنگ عموماً رہنے کے کمرے یا خوابگاہ میں اچھے لگتے ہیں کیونکہ یہ گھر کی وہ جگہیں ہیں، جہاں ہم آرام کے لیے جاتے ہیں، لہٰذا ان جگہوں کو پُرسکون ہونا چاہیے۔

اس لیے ان کمروں میں مختلف طرز اور رنگوں کا لکڑی کا فرنیچر بہترین رہتا ہے۔ لکڑی سےبنا فرنیچر ہلکے رنگ کی دیواروں کے ساتھ اچھا لگتا ہے۔ اسی لیے لکڑی کے فرنیچر کے ساتھ عموماً زمینی رنگوں جیسا کہ خاکی یا سفیدی مائل زرد رنگ استعمال کیا جاتا ہے۔

کھانے کی میز

کھانے کی میز ایسی جگہ رکھنی چاہیے، جہاں آپ یا اہل خانہ بیٹھ کر صحیح طریقے سے کھانا کھا سکیں۔ اس لیے ہم مشورہ دیتے ہیں کہ ایک مضبوط اور پائیدار ٹیبل کا انتخاب کیجئے، جس کے ساتھ میچنگ کی کرسیاں بھی مطلوبہ تعداد کے حساب سے ہوں۔

الماری

کپڑے رکھنے کے لیے ہر کمرے میں ایک چھوٹی اور مناسب سائز کی الماری رکھنے کے بجائے اگر آپ ایک کمرے کو الماری کے لیے مختص کردیں تو یہ ایک زبردست آئیڈیا ہے۔ ایسے کمرے کو سجانے کے لیے فرش سے لے کر چھت اور دیوار کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک خالص لکڑی سے بنی دیو قامت لیکن انتہائی خوبصورت الماری آپ کے گھر کو شاہانہ انداز دے گی۔

باتھ روم کی سنگھار میز

باتھ روم کی سنگھار میز ایسی ہونی چاہیے، جو سِنک کوآرام سے اپنے اندر سمو لے اور آپ کی روز مرہ چیزوں کو بھی سنبھال سکے۔ اس چیز کو باقی کمرے کے ساتھ بھی میل کھانا چاہیے، بشمول چھت اور دیوار کے۔