مرید عباس کیس: ملزم عاطف مالی فراڈ میں بھی ملوث قرار

October 10, 2019

مرید عباس قتل کیس کے مرکزی ملزم عاطف زمان کو نیب نے بھی مالی فراڈ میں ملوث قرار دے دیا۔ نیب کی تفتیش سے ثابت ہوگیا کہ ملزم نے ٹائروں کے کاروبار میں سرمایہ کاری کرائی، کئی افراد کو بے تحاشا منافع کا لالچ دے کر بےوقوف بنایا۔

نیب نے فراڈ سے متاثرہ افراد کو بیان دینے کے لیے طلب کرلیا،30سے زائد متاثرین نے نیب سے رابطہ کیا ہے۔

ڈی جی نیب بریگیڈیر ریٹائرڈ فارق اعوان کی زیر صدرات اجلاس میں اینکر مرید عباس قتل میں ملوث عاطف زمان سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

نیب سندھ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق تفتیشی افسران نے اجلاس کو بتایا کہ عاطف زمان مالی اسکینڈل میں ملوث ہے،اس نے کئی لوگوں سے سرمایہ کاری کے نام پر رقم لی،لوگوں کو ماہانہ منافع دینے کے نام پر بیوقوف بناتا رہااور ٹائروں کے کاروبار کے ذریعے فراڈ کرتا رہا۔

متعلقہ کیس میں نیب کی جانب سے اخبار میں اشتہار بھی دیا گیا ہےاور متاثرہ افراد کو بیان ریکارڈ کرنے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے 30 متاثرہ افراد نے نیب کراچی سے رجوع کیاہے۔

ڈی جی نیب نے کہا ہے کہ نیب افسران کیس قانون کے مطابق حل کریں اورمیڈیا نمائندگان سمیت دیگر متاثرین بھی نیب سے رجوع کرسکتے ہیں۔